• news

فوج اور اداروں کی امن کےلئے قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی: حمزہ شہباز

لاہور (خصوسی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنما اور ممبر قومی اسمبلی حمزہ شہباز شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی کے سب سے بڑے چیلنج سے بخوبی نمٹا جا رہا ہے اور ضرب عضب آپریشن میں افواج پاکستان اور قومی اداروں کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی، ملک میں نئے دور کا آغاز ہو رہا ہے اور حکومت لوڈ شیڈنگ سمیت تمام مسائل پر 2017ءکے آخر تک قابو پا لے گی۔ اقتصادی راہداری کا منصوبہ معاشی خوشحالی کے دروازے کھولے گا۔ ہم بھارت سے برابری کی سطح پر بات چیت کے خواہاں ہیں کسی کو ہماری قومی حمیت اور خودداری پر سوال اٹھانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ پاکستان کو ڈو مور کا کہنے والے آج ہمارے کاندھے سے کاندھا ملاکر کھڑے ہیں۔ غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ بالخصوص چین کی طرف سے اہم قومی شعبوں میں سپورٹ خوش آئند ہے۔ حمزہ شہباز یہاں محکمہ زکوة و عشر اور ٹیوٹا کے تعاون سے خود روزگار سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ سیاستدانوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے کہ 2018ءمیں عوام ان کا احتساب کریں گے اور آئندہ مینڈیٹ صرف ڈیلیور کرنے والوں کو ہی ملے گا۔ انہوں نے نئی نسل سے اپیل کی کہ وہ لاکھوں قربانیوں کے بعد حاصل ہونے والے وطن عزیز کی باگ ڈور سنبھالنے کے لئے محنت اور تعلیم کے ساتھ آگے بڑھیں۔ حمزہ شہباز نے کہا کہ غیر معمولی حالات میں غیر معمولی اقدامات ہی اٹھانا ہوتے ہیں اور وزیر اعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں ایسا ہی کیا جا رہا ہے۔ جس کا اعتراف واشگٹن پوسٹ جیسے عالمی جریدے نے اپنے تجزیے میں کیا۔ ہم الیکشن نہیں پاکستان کی فکر کر رہے ہیں۔ مشرف دور میں نیب کی تمام تحقیقات کے باوجودشریف خاندان کے بارے میں کرپشن کا ایک بھی کیس سامنے نہیں آ سکا۔ حمزہ شہباز نے خود روزگار سکیم کو انقلابی اقدام قرار دیتے ہوئے اس پروگرام سے مستفید ہونے والوں کو مبارکباد دی اور منتخب خواتین و حضرات میں چیک تقسیم کئے۔ انہوں نے محکمہ زکوة و عشر کے کنٹریکٹ ایمپلائز کی تنخواہوں میں 25سے 33فیصد اضافے کا اعلان کیا، صوبائی وزیر زکوة و عشرملک ندیم کامران نے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ پہلے مرحلے میں 205افراد میں 50ہزار فی کس کے حساب سے خود روزگار سکیم کا اجراءکیا جا رہا ہے جسے صوبے کے 9اضلاع تک پھیلایا جائے گا۔
حمزہ شہباز

ای پیپر-دی نیشن