• news

ایبٹ آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ چار مریض جان کی بازی ہار گئے

ایبٹ آباد (آن لائن) پنجاب کے بعد خیبر پی کے میں بھی ڈینگی وائرس سر اٹھانے لگا ۔ ایبٹ آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ چار مریض جان کی بازی ہار گئے ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز ایبٹ آباد کے ایک ہسپتال میں ناقص انتظامات کے باعث ڈینگی بخار میں مبتلا چار مریض دم توڑ گئے۔ ایبٹ آباد میں ڈینگی کے مریضوں کی بڑی تعداد موجود ہے جبکہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کو کچھ روز قبل ہسپتال لایا گیا تھا۔ اعلانات کے باوجود ایبٹ آباد میں ایوب میڈیکل کمپلیکس سمیت کسی بھی ہسپتال میں ڈینگی وارڈ قائم نہ ہو سکے جس سے ڈینگی سے متاثرہ افراد کی جانوں کو شدید خطرات لاحق ہو گئے ہیں ۔ پنجاب کے بعد ڈینگی وائرس خیبر پی کے میں تیزی سے پھیل رہا ہے جبکہ ایبٹ آباد میں ڈینگی وائرس سے متاثرہ افراد کی تعداد میں روز بروز اضافہ ہو رہا ہے ۔ مریضوں نے وزیر اعلی پرویز خٹک سے اپیل کی ہے کہ صوبے بھر کے بڑے ہسپتالوں میں جلد از جلد ڈینگی وارڈز قائم کئے جائیں اور ہسپتالوں میں ڈینگی سے بچاﺅ کی ادویات کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے۔
ایبٹ آباد

ای پیپر-دی نیشن