• news

لاہور میں مشترکہ آپریشن، ملک اسحاق کے قریبی ساتھی سمیت 3 مبینہ دہشت گرد گرفتار

لاہور (نامہ نگار) صوبائی دارالحکومت میں مختلف مقامات پر حساس اداروں اور کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے سابق سربراہ ملک اسحاق کے قریبی ساتھی سمیت تین مبینہ دہشت گردوں کو حراست میںلے کر تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق حساس اداروں اور کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر آپریشن کرتے ہوئے کالعدم تنظیم لشکر جھنگوی کے سابق سربراہ ملک اسحاق کے قریبی ساتھی اکبر معاویہ کو عثمان نگر گلی نمبر2 ، غازی آبادکے قبرستان سے حراست میں لے لیا۔ اکبر معاویہ کے بارے میں معلوم ہوا ہے کہ اس کے 2بھائی اور کزن پہلے ہی جیل میں بند ہیں۔ جو کالعدم تنظیم کے متحرک کارکن تھے۔ اکبر معاویہ کے خلاف سنگین نوعیت کے درجنوں مقدمات درج ہیں۔ مظفرگڑھ میں ملک اسحاق کی ساتھیوں سمیت ہلاکت کے بعد اکبر معاویہ روپوش ہو گیا تھا۔ اکبر معاویہ لشکر جھنگوی کا اہم کارکن ہے اور قتل ، دہشت گردی کی کئی وارداتوں میں ملوث ہے ۔ علاوہ ازےں حساس اداروں اور کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے مشترکہ طور پر آپریشن کرتے ہوئے بابو صابو انٹر چینج ناکے پر ایک ویگن میں تلاشی کے دوران فیصل آباد سے تعلق رکھنے والے کالعدم تنظیم کے دو مبینہ دہشت گردوں اسد اور مظفر کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے اسلحہ اور دیگر سامان برآمد کرلیا ۔ ابتدائی تفتیش کے دوران دونوں مبینہ دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ دونوں دہشت گرد دہشت گردی کی متعدد وارداتوں میں ملوث رہ چکے ہیں۔صباح نیوز کے مطابق انڈونیشیا کے جزیرے بالی میں بم دھماکوں کے ماسٹر مائنڈ کا نائب لاہور سے پکڑا گیا۔ صباح نیوز کے مطابق ملزم علی بلوچستان اور کراچی میں دو سو افراد کے قتل میں بھی ملوث ہے۔ آزادی چوک سے گرفتار پانچ دہشت گرد اہم سیاسی اور عسکری شخصیات کو نشانہ بنانا چاہتے تھے۔ گزشتہ روز لاہور پولیس نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے انڈونیشیا کے جزیرے بالی پر بم دھماکوں کا ماسٹر مائنڈ عمر فاطق کا نائب پکڑ لیا ۔ملزم بلوچستان اورکراچی میں دو سو سے زائد افراد کی ٹارگٹ کلنگ کرچکا ہے۔کمانڈر علی کے ساتھ حیدر،ڈاکٹرکراچی،نبیل اورسعدکو بھی گرفتارکرلیا گیا۔
دہشت گرد گرفتار

ای پیپر-دی نیشن