مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق روڈمیپ موجود ہے: رضا ربانی
اسلام آباد(کے پی آئی) چیئرمین سینٹ میاں رضا ربانی نے کہا ہے کہ پاکستان کے پاس مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق روڈمیپ موجود ہے۔ اس سلسلے میں طریقہ کار بھارت کے ساتھ بات چیت میں طے کیا جا سکتا ہے۔ پارلیمنٹ ہاؤس میں کشمیری صحافیوں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے رضا ربانی نے کہا کہ سب سے اہم بات یہ ہے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے کشمیریوں کی خواہشات کو مد نظر رکھنا ہو گا اور ان سے بات چیت کرنا ہو گی۔ کشمیر کا مسئلہ حل ہونا چاہئے، دنیا کے کئی مشکل اور پیچیدہ مسئلے حل ہوئے۔ دیوار برلن ختم ہوئی، جوہری تنازعے پر ایران امریکہ کا تنازعہ حل ہوا، ایسے میں کشمیر کیوں حل نہیں ہو سکتا ۔ پاکستان اور بھارت کو مسئلہ کشمیر پر بات کرنا ہو گی یہ دونوں ممالک کے فائدے میں ہے۔ عالمی برادری کی طرف سے بھارت پر دباؤ نہیں ڈالا جا رہا کیونکہ مغربی دنیا کے لئے بھارت ایک بڑی تجارتی مارکیٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ امریکہ بھارت کی مدد کر کے دراصل مسئلہ کشمیر کے حل سے انکار کر رہا ہے۔