پاکستان گوادر پورٹ پر اقتصادی زون بنانے کے لئے چینی کمپنی کیساتھ 40 سالہ لیز پر دستخط کرے گا
کراچی (اے ایف پی) پاکستان گوادر کے گہرے سمندر کی بندرگاہ پر بڑا خصوصی اقتصادی زون بنانے کے لئے چینی کمپنی کے ساتھ 40 سالہ لیز پر دستخط کرے گا۔ حکام کے مطابق یہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کا حصہ ہے۔ اس منصوبے کے تحت مغربی چین کو انفراسٹرکچر کے ساتھ بحیرہ عرب سے ملایا جائیگا اس پر 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہو گی۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے سربراہ دوستان خان جمالدینی نے اے ایف پی کو بتایا کہ یہ کنٹریکٹ 2300 ایکڑ پر مبنی ہے۔ چائنہ اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کو ٹیکس سے استثنیٰ دیا جائے گا۔ گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ پر کام آئندہ چند ایک ماہ میں شروع ہو جائیگا۔ ہمیں پوری توقع ہے کہ گوادر کو ملانے والی قومی شاہراہ پر کام آئندہ ماہ مکمل ہو جائے گا۔ پاکستان بندرگاہ کی حفاظت کے لئے 10 سے 25 ہزار سکیورٹی فورسز اہلکار تعینات کرے گا۔ گوادر پورٹ اتھارٹی کے ڈی جی عبدالرزاق درانی نے مجوزہ ڈیل کی تصدیق کی ہے۔ گوادر پورٹ چین کی تکنیکی امداد سے 248 ملین ڈالر کی لاگت سے 2007ء میں بنائی گئی تھی۔