پاک یورپی مشترکہ کمشن کا برسلز میں چھٹا اجلاس، دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستانی کوششوں کا اعتراف
برسلز+ اسلام آباد (صباح نیوز) یورپی یونین نے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پاکستان کی کوششوں کا اعتراف کیا ہے۔ اس بات کا اعتراف بدھ کے روز برسلز میں پاک یورپی مشرکہ کمشن کے چھٹے اجلاس میں کیا گیا۔ پاکستان دفتر خارجہ کی جاری تفصیلات کے مطابق فریقین نے ہر قسم کی دہشت گردی سے نمٹنے کیلئے بین الاقوامی سطح پر تعاون کرنے کا عزم ظاہر کیا۔ افغانستان سمیت خطے کی تازہ ترین سیاسی صورتحال کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقوں نے اپنے تعلقات کی تجدید کرتے ہوئے پانچ سالہ منصوبے پر عملدرآمد پر ہونیوالی پیشرفت پر بات چیت بھی کی۔ مائیگریشن کے حوالے سے انہوں نے پاک یورپی ری ایڈمیشن معاہدے پر مکمل عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے مزید کوششیں کرنے پر اتفاق کیا۔ مشترکہ کمیشن کا اگلا اجلاس آئندہ سال اسلام آباد میں ہوگا۔