• news

اسلام آباد: مذاکرات کامیاب، ڈاکٹروں نے 3 روز سے جاری دھرنا ختم کر دیا

اسلام آباد (نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) حکومت اور ڈاکٹرز کے مابین ہیلتھ رسک الاﺅنس کے حوالے سے مذاکرات کامیاب ہو گئے، حکومت کی جانب سے ہیلتھ رسک الاﺅنس کا نوٹیفکیشن 7 روز میں واپس لینے کی یقین دہانی پر ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف نے تین روز سے جاری نادرا چوک میں دھرنا ختم کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق جمعرات کو حکومت اور ڈاکٹرز کے مابین ہیلتھ رسک الاﺅنس پر مذاکرات کامیاب ہو گئے، ڈاکٹروں کی جانب سے چیئرمین جوائنٹ ایکشن کمیٹی ڈاکٹر سرتاج کی سربراہی میں پانچ رکنی وفد نے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری اور سیکرٹری کیڈ بھی موجود تھے، مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ڈاکٹر سرتاج نے کہا وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے کامیاب مذاکرات ہو گئے ہیں۔ انہوں نے پیر کو دوبارہ مذاکرات کےلئے بلایا ہے اور ہیلتھ رسک الاﺅنس کے نوٹیفکیشن کو 7 روز کے اندر واپس لینے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ حکومت کی یقین دہانی کے بعد تین روز سے جاری نادرا چوک میں ڈاکٹروں اور پیرا میڈیکل سٹاف کا دھرنا ختم کر دیا گیا، قبل ازیں ڈاکٹروں نے اسلام آباد کے تمام سرکاری ہسپتالوں کی ایمرجنسی کا بائیکاٹ جاری رکھا اور دھرنے میں پےپلز پارٹی، عوامی نےشنل پارٹی، تحرےک انصاف اور جماعت اسلامی کے رہنماﺅں نے شر کت کی اور ڈاکٹرز اور پےرا مےڈےکل سٹاف کو اپنی حماےت کا بھرپور ےقےن دلاےا۔ مسلم لیگ کے رکن قومی اسمبلی طارق فضل چودھری اور سیکرٹری کیڈ نے دھرنے میں شرکت کی اور ڈاکٹروں کے وفدکو حکومت کے ساتھ مذاکرات کرنے پر مائل کیا۔ ڈاکٹر طارق فضل چودھری ڈاکٹروں کے اےک وفد کو وزےر خزانہ اسحاق ڈار سے ملاقات کےلئے اپنے ساتھ لے گئے جس کے بعد حکومت اور ڈاکٹرز اور پےرا مےڈےکل سٹاف کے درمےان مذاکرات کامےاب ہو گئے۔
مذاکرات کامیاب

ای پیپر-دی نیشن