کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرکے نثار نے وزیراعلیٰ سندھ کو ”رام“ کر لیا
اسلام آباد (محمد نواز رضا+ وقائع نگار خصوصی) وفاقی وزارت داخلہ کے زیر اہتمام چاروں وزرائے اعلی‘ٰ آزاد جموں وکشمیر کے وزیراعظم اورگلگت و بلتستان کے وزیراعلیٰ کے اجلاس میں وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان نے ”کراچی آپریشن“ کے کپتان وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی کارکردگی کو خراج تحسین پیش کرکے انہیں ”رام“ کر لیا۔ انہوں نے کہا کہ سید قائم علی شاہ کو انتہائی مشکل حالات میں کام کرنا پڑ رہا ہے۔ ایک طرف‘ ایم کیو ایم کی طرف سے انہیں تنقیدکا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ دوسری طرف اپنی پارٹی کی طرف سے سخت ردعمل میں بھی وہ معاملات کو خوش اسلوبی سے آگے بڑھا رہے ہیں۔ قائم علی شاہ نے وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کی طرف سے انکی اخلاقی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔ وزرائے اعلیٰ کے اجلاس میں دھرنے کے بعد پہلی بار نثار علی خان اور وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا پرویز خٹک کے درمیان پرجوش مصافحہ ہوا‘ دونوں کے درمیان مخالفانہ بیان بازی کے بعد تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے۔ وزرائے اعلیٰ کے اجلاس میں کشیدگی نہیں پائی گئی۔ دوستانہ ماحول رہا۔ وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے اجلاس میں صوبائی معاملات میں ایف آئی اے اور نیب کی مداخلت کا شکوہ کیا۔ اور عاصم حسین کی گرفتاری کا ذکرکیا۔ ایم کیو ایم کا معاملہ زیر غور نہیں آیا۔ نثار علی خان نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف سے کہا کہ صوبے میں مدارس پر بلاجواز چھاپوں کا سلسلہ بندکرکے خوف و ہراس کی کیفیت ختم کی جائے۔
خراج تحسین