الیکشن کمشن ممبران کے استعفے کافی نہیں، پورا سسٹم تبدیل کیا جائے: سراج الحق
لاہور+اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+این این آئی) جماعت اسلامی پاکستان کے امیر سراج الحق نے پیپلز پارٹی کی جانب سے اسمبلیوں سے استعفوں کے آپشن کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے پیپلز پارٹی کی جانب سے استعفے خود پارٹی اور جمہوری نظام کےلئے خود کش حملہ ہوگا، تمام حکومتوں کو اپنی آئینی مدت پوری کر نی چاہیے، ایم کیو ایم بھی استعفوں کے معاملے پر نظر ثانی کرے، بلوچوں کو ذمہ داریاں دی جائیں تو ملک توڑنے والا موضوع ہی تبدیل ہو جائیگا، ہر آدمی کو دشمن کی نگاہ سے دیکھنے کے بجائے سننے کی ضرورت ہے، پہاڑوںپر بیٹھے ہوئے بلوچ بھی نیچے آ جائیں، الیکشن کمیشن کے چار ارکان کے استعفے پرانے کپڑے میں پیوند لگانے کے مترادف ہونگے، پورا سسٹم تبدیل کیا جائے، اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا جائے، پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کو متنازعہ نہیں بنانا چاہتے، گوادر اور مقامی آبادی کے حقوق اور زمینوں کے مالکان کو تحفظ دینے کےلئے قانون ساز ی کی جائے، کرپشن کی ہر شکل کا مخالف ہوں، کرپٹ لوگوں کے کڑے احتساب کی ضرورت ہے، لو اور دو کی پالیسی نہیں چلے گی، نیب کرپشن کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کرے، حکمران واپڈا سٹیل ملز، پی آئی اے کی نجکاری کا خیال ذہن سے نکال دیں، ملک میںغریب اور امیر کےلئے تعلیمی نصاب ایک ہونا چاہیے، چھ ستمبر کو پاکستان نے واضح پیغام دیا ہے، بھارت کی جارحیت کے خلاف پوری دنیا میں آواز اٹھانی چاہیے۔ نائب امیر جماعت اسلامی میاں محمد اسلم کی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سراج الحق نے مزید کہاکہ کراچی سے چترال تک اٹھارہ کروڑ عوام حکومتوں کی کار کر دگی سے مایوس ہیں۔ نوجوان ڈگریاں ہاتھ میں لیکر دھکے کھا رہے ہیں۔ نوجوان کے لئے ہنگامی بنیادوں پر انتظام نہ کیا تو خطرہ ہے نوجوان کسی ایسے گروہ کے ہتھے نہ چڑھ جائیں جو اپنے مقاصد کےلئے استعمال کرتے ہیں۔ محرومیوں کی وجہ سے سقوط ڈھاکہ کا ہوا۔ آل پارٹیز کانفرنس کے دوران وزیر اعظم نواز شریف نے وعدہ کیا تھا تحفظات دور کئے جائیں گے اور پھر راہداری منصوبے پر شکوک وشبہات کیوں ہیں؟۔ میٹرو بس منصوبے کی طرز کا بڑا منصوبہ کوئٹہ میں بھی شروع کیا جائے۔ انہوں نے کہاکہ الیکشن کمشن کے چار ارکان سے استعفیٰ پرانے کپڑے میں پیوند لگانے کے مترادف ہونگے ہم پورا سسٹم تبدیل کرنے کی بات کرتے ہیں۔مزید براں تحصیل پنجپائی (کوئٹہ) کے ناظم جمیل احمد مشوانی سمیت بارہ سو افراد نے جماعت اسلامی میں شمولیت کا اعلان کر دیا۔ یہ اعلان امیر جماعت اسلامی سراج الحق کی موجودگی میں کیا۔ سراج الحق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی کے دروازے ہر شخص کیلئے کھلے ہیں جماعت اسلامی ایک مذہبی و جمہوری جماعت ہے اور عوام کو ساتھ ملاکر جمہوری عمل کے ذریعے اس ملک میں منصفانہ اور عادلانہ نظام قائم کرنا چاہتی ہے۔ بلوچ قوم نے مجھے محبت اور حوصلہ دیا ہے۔ ہم انشاءاللہ بلوچ قوم کو محرومی اور مایوسی سے نکالیں گے۔علاوہ ازیں سراج الحق نے راجہ ظفرالحق کے گھر جا کر ان کی اہلیہ کی وفات پر تعزیت کی۔
سراج الحق