• news

کراچی: مقابلے میں4 دہشت گرد ہلاک، فائرنگ سے ای ٹی او زخمی

کراچی (کرائم رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ+ نیوز ایجنسیاں) کراچی کے علاقے کورنگی میں مقابلے کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے ایک اہلکار زخمی ہو گیا جبکہ شرف آباد میں نامعلوم افراد نے ایکسائز افسر کی گاڑی پر فائرنگ سے ای ٹی او سہیل عباس زخمی ہو گئے۔ علاوہ ازیں کراچی کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز کے کریک ڈاﺅن کے دوران اشتہاریوں سمیت 48 ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش کےلئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ جمعرات کی صبح کراچی کے علاقوں عزیز آباد، پی آئی بی کالونی، باجوڑی محلہ، اختر کالونی اور پرانی سبزی منڈی میں رینجرز اور پولیس کی جانب سے سرچ آپریشن کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 12مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا ہے ۔ادھر صدر ایمپریس مارکیٹ کے قریب کاﺅنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ نے اقبال پلازہ کا محاصرہ کر کے گھر گھر تلاشی لی۔ انچارج سی ٹی ڈی علی رضا کے مطابق کارروائی کے دوران 6 مشتبہ افراد کو حراست میں لیکر سی ٹی ڈی سیل منتقل کر دیا گیا ہے۔ جھگی سیداں میں مشترکہ آپریشن کے دوران 10 مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے اسلحہ برآمد کر لیا گیا ہے۔ 8 ملزموں کو گرفتار کر لیا گیا۔ ڈی آئی جی سا¶تھ ڈاکٹر جمیل کے مطابق ملزمان ٹارگٹ کلنگ سمیت جرائم کی دیگر وارداتوں میں ملوث ہیں۔ گرفتار ملزمان کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ اسلحہ اور موبائل فونز برآمد کر لئے گئے۔ علاوہ ازیں سندھ ریزرو پولیس کی افرادی قوت اور ہتھیاروں سے انسداد ہنگامہ آرائی سکواڈ (اینٹی رائٹس سکواڈ) اور انسداد ڈکیتی فورس (اینٹی ڈکیت آپریشن فورس) تشکیل دی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں دہشتگردوں سے نمٹنے کے لئے گزشتہ روز کراچی ٹریفک پولیس کی ٹریننگ کا آغاز ہوا۔ ٹریننگ میں 100 پولیس اہلکاروں نے شرکت کی۔ مزید براں کراچی میں سینئر صحافی آفتاب عالم قتل کی تفتیش میں اہم پیشرفت ہوئی ہے۔ جائے وقوعہ سے ملنے والے خول ناظم آباد میں ہونے والی ٹارگٹ کلنگ سے میچ کر گئے جبکہ صحافی کے قتل کا مقدمہ سرسید تھانے میں درج کیا گیا ہے جس میں دہشت گردی کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔ ادھر نیب نے ایم ڈی کوآپریٹو سوسائٹیز کے دفتر پر چھاپہ مار کر اچی کی 50 کوآپریٹو سوسائٹیز کا ریکارڈ قبضے میں لے لیا۔ ایم ڈی کوآپریٹو سوسائٹی حسن شاہ اور دیگر کے خلاف پلاٹوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ کی تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔ علاوہ ازیں سندھ ہائیکورٹ نے رینجرز کے زیر تحویل ملزمان سے ان کے اہلخانہ کی ملاقات کروانے کا حکم دے دیا۔ علاوہ ازیں کراچی میں نیب نے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پر چھاپہ مار کر غیر قانونی بھرتیوں پر تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔ نیب حکام سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے دفتر پہنچے اور ڈائریکٹر ایڈمن قرار علی شاہ سے ایس بی سی اے کا بھرتیوں کے حوالے سے ریکارڈ طلب کیا لیکن سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر ایڈمن قرار علی شاہ نے کسی بھی قسم کا ڈیٹا دینے سے انکار کر دیا ہے۔ علاوہ ازیں کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سے متعلق سنسنی خیز انکشاف ہوا ہے۔ نجی ٹی وی نے سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر اور کالعدم تنظیموں میں گٹھ جوڑ ہو گیا ایک تنظیم ہدف منتخب کرتی دوسرا گروپ قتل کرتا ہے۔ علاوہ ازیں ترجمان رینجرز سندھ کے مطابق جمعرات کو کراچی کے علاقے کورنگی میں ناردرن بائی پاس پر رینجرز اور دہشت گردوں کے درمیان مقابلہ ہوا جس میں 4 دہشت گرد ہلاک ہو گئے اور مقابلے میں ایک اہلکار زخمی ہوا جسے فوری طور پر طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ علاوہ ازیں پاکستان رینجرز سندھ کی جانب سے جاری کئے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ امن کا دشمن سب کا دشمن ہے۔ امن دشمنوں کے خلاف مشترکہ کارروائی کی جائے گی۔ ترجمان رینجرز کی جانب سے عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ عوام امن دشمنوں کی اطلاع رینجرز ہیلپ لائن 1101 پر دیں۔ ادھر کراچی کے علاقے شرف آباد میں ایکسائز آفیسر کی گاڑی پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کر دی جس سے اس ٹی او سہیل عباس زخمی ہو گئے ای ٹی او سہیل عباس نے پولیس کو بیان میں کہا کہ ملزمان نے لوٹ مار کی کوشش کی مزاحمت پر فائرنگ کر دی جوابی فائرنگ پر ملزمان فرار ہو گئے۔علاوہ ازیں فائرنگ کے واقعات میں قومی موومنٹ کا علاقائی عہدیدار جاں بحق ہو گیا جبکہ تین افراد زخمی ہوگئے۔ متحدہ قومی موومنٹ کے عہدیدار 30 سالہ آفتاب کو کورنگی نمبر ساڑھے تین میں غوث پاک روڈ پر فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن