• news

مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام ہے نہ ڈی جی نیب سیاستدان بنیں: رانا مشہود

لاہور (خصوصی رپورٹر) صوبائی وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود نے کہا ہے کہ ان کے خلاف کسی محکمے میں کرپشن کا کوئی الزام ہے اور نہ ہی اس کے انتخابی حلقے میں کسی قسم کی کرپشن کا الزام ہے اور نہ ہی مبینہ ویڈیو سکینڈل کی کوئی حقیقت ہے۔ 2012ء میں ایف آئی اے کی جے آئی ٹی کے فیصلے کی روشنی میں ہائی کورٹ اور سپریم کورٹ انہیں بے گناہ قرار دے چکی ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ وہ گذشتہ 26 سال سے میدان سیاست میں ہیں اور 13 سال سے ممبر صوبائی اسمبلی ہیں۔ 5 سال ڈپٹی سپیکر پنجاب اسمبلی رہے ہیں اور اب 2 سال کے زائد عرصہ سے صوبائی وزیر ہیں۔ ان کا خاندان اعلیٰ اخلاقی روایات اور قانون کی عملداری کا عملی نمونہ ہے وہ کسی بدعنوانی کا سوچ بھی نہیں سکتے۔ یہ غلط ہے کہ مسلم لیگ ن کی کسی کمیٹی نے ان پر الزام کی توثیق کی تھی۔ مسلم لیگ ن کی کمیٹی میں راجہ ظفرالحق، بیگم ذکیہ شاہنواز اور ملک محمد رفیق رجوانہ تھے جنہوں نے مجھے بے گناہ سمجھتے ہوئے اعلیٰ عدلیہ میں اپنی بیگناہی ثابت کرنے کا کہا گیا۔ کسی بھی شریف شہری کا میڈیا ٹرائل نہیں ہونا چاہئے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں رانا مشہود نے کہا کہ ڈی جی نیب سیاستدان نہ بنیں اور نہ ہی بغیر سوچے سمجھے بات کریں۔ انہوں نے بغیر انکوائری اور تفتیش کئے میرے خلاف بیان دے دیا۔ ڈی جی نیب کے خلاف چارہ جوئی کے لئے قانونی ماہرین سے مشورہ کر رہا ہوں۔

ای پیپر-دی نیشن