لاہور: کاروبارمیں نقصان پر نوجوان، خاوند سے جھگڑے پر خاتون نے زندگی ختم کرلی
لاہور+ کمالیہ + سرائے مغل + پاکپتن+ قصور(نامہ نگار+ نمائندگان) لاہور، کمالیہ، سرائے مغل میں خاتون سمیت 4 افراد کی خود کشی، پاکپتن میں نوجوان نے خود کو زندہ جلا ڈالا۔ لاہور میں گرین ٹاؤن کے علاقہ میں 3 سال سے خاوند سے جھگڑ کر میکے رہنے والی 2 بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر خود کشی کرلی۔ مسرت شفیع تین سال قبل اپنے خاوند احمد سے جھگڑ کر شریف کالونی میں اپنے والدین کے گھر آ گئی تھی، حالات سے دلبرداشتہ ہو کر زہریلی گولیاں کھا لیں، ہسپتال لے جایا گیا مگر وہ جانبر نہ ہو سکی۔ ورثاء کے مطابق مسرت کا خاوند شیخوپورہ میں پرائیویٹ ملازمت کرتا تھا تین سال گزرنے کے باوجود احمد اپنی بیوی کو منانے نہیں آیا تھا جس پر دلبرداشتہ ہو کر مسرت نے گولیاں کھا لیں۔ علاوہ ازیں شمالی چھاؤنی کے علاقہ میں 28 سالہ نوجوان نے کاروبار میں نقصان پر خود کو گولی مار لی۔ شہزاد پولی تھین کا کاروبار کرتا تھا شہزاد کو کاروبار میں نقصان ہوا جس پر اس نے گذشتہ روز گھر میں کنپٹی پر خود کو گولی مار کر خود کشی کرلی۔ متوفی غیر شادی شدہ تھا پولیس کا کہنا ہے کہ اصل حقائق پوسٹمارٹم کے بعد سامنے آئیں گے۔کمالیہ میں نواحی گائوںچک نمبر 733گ ب کے 35 سالہ مظہر حسین کے اہل خانہ کے مطابق کچھ عرصہ سے ذہنی توازن ٹھیک نہیں تھا۔کیڑے مار دوائی پی لی۔ نامہ نگار کے مطابق پاکپتن میں کمیر روڈ پر واقع 18 ڈوگراں والی گاؤں کے 28 سالہ نوجوان محمد افتخار نے اپنی والدہ سے گھریلو تنازعہ پر جھگڑا کرنے کے بعد طیش میں آ کر خود پر تیل چھڑک کر آگ لگا لی جس سے نوجوان بری طرح جھلس گیا ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچایا گیا جہاں نوجوان دم تو ڑگیا۔ علاوہ ازیں نامہ نگار اور نمائندہ نوائے وقت کے مطابق سرائے مغل میں ماں کی ڈانٹ ڈپٹ سے دلبرداشتہ نوجوان نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کرلیا۔ نواحی گائوں لکھوڈیر کے 23 سالہ نوجوان ابوبکر کو اُس کی ماں نے کسی بات پر ڈانٹ ڈپٹ کی جس پر نوجوان نے گندم میں رکھنے والی زہریلی گولیاں کھا لیں۔