پاکستان کا بھرپور ایٹمی ڈیٹرنس پالیسی پر عمل کا فیصلہ خوش آئند ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعۃ الدعوۃ حافظ محمد سعید نے کہا ہے کہ پاکستان کی طرف سے چھوٹے ایٹمی ہتھیار بنانے اور بھرپور ایٹمی ڈیٹرنس پالیسی پر عمل کا فیصلہ خوش آئند ہے، عسکری و سیاسی قیادت کی طرف سے قوم کے جذبات کی ترجمانی کی گئی، بھارت آپریشن ضرب عضب کی کامیابی اور بیرونی ایجنسیوں کا نیٹ ورک ٹوٹنے پر شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے، سرحدوں پر فائرنگ اور محدود جنگ کی گیدڑ بھبھکیوں سے پاکستان کو مرعوب نہیں کیاجاسکتا۔ افواج پاکستان اور غیور قوم بھارت کی ہر جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کیلئے تیار ہیں۔ وہ مرکز القادسیہ چوبرجی میں جماعۃ الدعوۃ کے مرکزی رہنمائوں کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ حافظ محمد سعید نے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی کے برسراقتدار آنے کے بعد جموں کشمیر میں ظلم و تشدد کا سلسلہ بہت بڑھ گیا ہے۔ حریت قائدین کی گرفتاریوں و نظربندیوں اور فرضی جھڑپوں میں نہتے مسلمانوں کی شہادت سے مظلوم کشمیریوں کے حوصلے پست نہیں کئے جاسکتے۔ حکمران بھارتی دہشت گردی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کریں۔کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے۔ مظلوم کشمیریوں کوغاصب بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اتحادیوں کی شہ پر پراکسی وار کر رہا ہے۔ افغانستان میں قائم قونصل خانوں میں دہشت گردوں کو تربیت دیکر سکولوں‘ بسوں اور پبلک مقامات پر حملے کروائے جاتے رہے‘ لیکن اس کی سب سازشیں اب دم توڑ چکی ہیں۔