وزیراعلیٰ سندھ، خورشید شاہ کی علی نواز سے ملاقات، جیل میں اے کلاس مل گئی
کراچی (ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ ، سید خورشید احمد شاہ ، صوبائی وزیر سکندر میندھرو اور پاکستان پیپلزپارٹی کے دیگر ہنماو¿ں نے جمعہ کو کراچی سینٹرل جیل کا دورہ کیا اور جیل میں اسیر رکن سندھ اسمبلی سید علی نواز شاہ سے ملاقات کی ہے ۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کرنے پر مشاورت بھی کی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے احکامات پر سید علی نواز شاہ کو جیل میں اے کلاس دے دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے علی نواز شاہ کی ضمانت کے لئے محکمہ قانون کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ علی نواز شاہ کے کیس کی پیروی میں کوئی سستی نہ کی جائے۔ انہوں نے جیل انتظامیہ کو احکامات دیئے کہ علی نواز شاہ کو تمام طبی سہولیات مہیا کی جائیں۔ ادھر وزیراعلیٰ ہاو¿س کے ترجمان کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جیل میں اسیر سید علی نواز شاہ سے ذاتی حیثیت میں ملاقات کی ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ اور علی نواز شاہ پرانے دوست ہیں اور دونوں نے ماضی میں پیپلزپارٹی کے لئے مشترکہ جدوجہد کی ہے۔ علی نواز شاہ کو احتساب عدالت نے جمعرات کے روز 5 برس قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی۔خورشید شاہ نے کہا ہے کہ علی نواز شاہ کی سزا کے معاملے پر آج کراچی میں پریس کانفرنس کریں گے۔ علی نواز شاہ کی سیاست اور کردار پر کبھی انگلی نہیں اٹھی۔ اداروں کو سزا دینے سے قبل مکمل تحقیقات کرنی چاہیے۔
قائم علی شاہ