• news

بھارت کشمیریوں کو حقوق دے ورنہ خطے کو ایٹمی جنگ سے کوئی نہیں بچا سکے گا: برجیس طاہر

لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر چودھری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ اگر بھارت نے کشمیریوں کا حق چھیننے کی کوشش کی تو جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے کوئی نہیں بچا سکتا۔ بھارت مانے یا نہ مانے پاکستان کمیریوں کے حق خود ارادیت کی بات پوری دنیا تک پھیلاتا رہے گا۔ میاں نواز شریف اور پوری مسلم لیگ (ن) کے دل کشمیریوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں کیونکہ قائداعظم محمد علی جناح نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیا تھا اس لیے جسم شہ رگ سے الگ نہیں ہو سکتا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے زیراہتمام ایک تقریب میں کیا۔ چودھری برجیس طاہر نے مزید کہا کہ وزیراعظم نواز شریف نے عالمی سطح پر کشمیر کا کیس بڑی دلیری سے پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں کے جائز حقوق جب تک ان کو نہ دیئے گئے اس وقت جنوبی ایشیا میں پائیدار امن نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے کہا کہ اگر بھارت نے کشمیریوں سے ان کا حق چھیننے کی کوشش کی تو جنوبی ایشیا کو ایٹمی جنگ سے کوئی نہیں بچا پائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں مسلم لیگ (ن) بھاری اکثریت سے کامیابی حاصل کرے گی۔ اسی طرح عوام ہم پر اعتماد کا اظہار کریں گے جس طرح انہوں نے جنرل الیکشن میں کیا تھا۔ اگر ہم گلگت (بلتستان) کی بات کریں تو ہمارے اقتدار سے قبل پیپلز پارٹی نے وہاں کرپشن میں خوب ہاتھ رنگے۔ یہی وجہ تھی کہ پہلے وہاں فرقہ واریت تھی۔ یوتھ کی آواز دب چکی تھی مگر اب ہمارے دور اقتدار میں فرقہ واریت ختم ہو چکی ہے۔ سو فی صد لٹریسی ریٹ ہے۔ انشاء اللہ گلگت بلتستان سے کشمیر تک سڑکوں کا جال بچھے گا۔ ریلوے لائن تیار ہو گی۔ اس موقع پر کشمیری رہنما عبدالرشید ترابی، غلام عباس، سید نصیب اللہ گردیزی سمیت دیگر بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن