این آئی سی ایل سکینڈل، مخدوم امین فہیم سمیت 11 ملزموں پر فرد جرم عائد
کراچی (صباح نیوز) کراچی کی احتساب عدالت نے این آئی سی ایل کرپشن سکینڈل میں سابق وفاقی وزیر تجارت مخدوم امین فہیم سمیت11ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی۔ امین فہیم کے علاوہ دیگر ملزمان میں سابق چیئرمین این آئی سی ایل ایاز خان نیازی،سابق سیکرٹری تجارت سلمان غنی، امین قاسم دادا اور دیگر شامل ہیں۔ دوران سماعت ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا جس کے بعد عدالت نے آئندہ سماعت پر گواہان کو طلب کر لیا ہے، ملزمان پر کورنگی میں زمین خریدنے کی مد میں کرپشن کا الزام ہے۔ دوران سماعت امین فہیم اور امین قاسم دادا کی جانب سے وکیل پیش ہوئے تاہم عدالت نے تمام ملزمان پر فرد جرم عائد کر دی، عدالت نے امین فہیم اور امین قاسم دادا پر غیر موجودگی میں فرد جرم عائد کر دی ہے، آئندہ سماعت پر گواہان پر جرح کی جائے گی۔