• news

نیب اور ایف آئی اے صوبے سے واپس جائیں، پیپلز پارٹی سندھ کونسل رینجرز کی کارکردگی کو سراہا گیا

کراچی (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی سندھ کو نسل کا اجلاس پیپلزپارٹی سندھ کے صدر اور وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کی صدارت میں چیف منسٹر ہائوس میںہوا۔ اجلاس میںسندھ حکومت کی دوسالہ کارکردگی کو سراہتے ہوئے کراچی آپریشن پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے سندھ میں نیب اور ایف آئی اے کی کارروائیوں کی مذمت کی گئی اور کہا گیا یہ سندھ کی صوبائی خود مختاری میں مداخلت ہے۔ نام نہاد کرپشن کا بہانہ بنا کرسندھ کے افسران اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کو نشانہ بنایا جارہاہے۔ جو غیر آئینی اور غیر قانونی ہے جسکو پیپلز پارٹی کسی صورت برداشت نہیں کرے گی اور اس کے خلاف سخت مزاحمت کی جائے گی۔ اجلاس میں وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا گیا وہ سندھ حکومت کے خلاف اپنی انتقامی کاروائیاں فوری طور پر بند کرے اور نیب اور ایف آئی اے فوری طور پر سندھ سے واپس جائیں، اجلاس میں پی پی کے رہنما اور رکن صوبائی اسمبلی علی نواز شاہ اور دیگرکو احتساب عدالت سے دی گئی سزا کی مذمت کرتے ہوئے اسے ناانصافی اور انتقامی بنیادوں پر کیا گیا فیصلہ قرار دیا گیا اور اجلاس میں علی نواز شاہ سے مکمل طور پر اظہار یکجہتی کی گئی۔ اجلاس میں منظور کی گئی قرار دادوں کے مطابق بلاول بھٹو زرداری، آصف علی زرداری اور قائم علی شاہ کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا اور وزیراعلیٰ سندھ کی قیادت میں جاری آپریشن میں پولیس اور رینجرز کی کارکردگی کو سراہا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن