• news

ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر‘ سرحدی خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات: پاکستان‘ بھارت میں اتفاق

نئی دہلی+ لاہور (بی بی سی+ نیوز ایجنسیاں) پاکستان اور بھارت نے ورکنگ باؤنڈری پر جنگ بندی کے معاہدے کی پاسداری کرنے اور کنٹرول لائن اور ورکنگ باونڈری پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ آل انڈیا ریڈیو کے مطابق یہ فیصلہ نئی دہلی میں پنجاب رینجرز اور بھارتی سرحدی سکیورٹی فورس کے ڈائریکٹر جنرلز کے درمیان تین روزہ بات چیت کے آخری دن کیا گیا۔ اس بات پر پہلے ہی اتفاق ہو چکا کہ سرحد پر کسی جانب سے فائرنگ کی صورت میں دوسری جانب سے فوری طور جوابی کارروائی نہیں کی جائیگی اور پہلے فائرنگ کرنے والے فریق سے رابطہ کیا جائیگا۔ ریڈیو پاکستان نے پنجاب رینجرز کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ بات چیت خوشگوار ماحول میں ہوئی اور فریقین نے متعلقہ مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ دونوں طرف کے اعلیٰ حکام نے اس بات چیت کی تفصیلات پر دستخط بھی کئے۔ پنجاب رینجرز کے ترجمان کے مطابق پاکستان نے فلیگ میٹنگ کے دوران بھارتی فوج کے ہاتھوں رینجرز اہلکاروں کی ہلاکت کا معاملہ اٹھایا۔ رینجرز کے ترجمان نے بتایا کہ بی ایس ایف کے ڈائریکٹر نے پاکستانی جنرل کو یقین دلایا کہ مستقبل میں ایسے واقعات پیش نہیں آئیں گے۔ ترجمان کے مطابق بات چیت میں فریقین نے جہاں جنگ بندی معاہدے پر عملدرآمد یقینی بنانے پر اتفاق کیا وہیں سمگلنگ کے خاتمے کیلئے سرحدی کنٹرول کا طریقہ کار وضع کرنے پر بھی اتفاق رائے پایا گیا۔ این این آئی کے مطابق بھارت اور پاکستان نے جنگ بندی کی خلاف ورزیاں اور سرحد پار مداخلت ملکر روکنے اور اس مقصد کیلئے ای میل اور ٹیلیفون سمیت دیگر ذرائع سے اطلاعات کا تبادلہ کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ دونوں ممالک نے فیصلہ کیا کہ کھیل اور ثقافت کے شعبوں میں باقاعدہ رابطے کئے جائینگے، مخصوص سرحدی علاقوں میں مشترکہ گشت ہوگا تاکہ ناپسندیدہ عناصر کی مداخلت روکی جاسکے۔ مذاکرات کا آئندہ دور پاکستان میں 2016ء کے پہلے نصف عرصے کے دوران ہوگا، دونوں ممالک نے سرحد پر امن اور آشتی کو فروغ دینے کے اقدامات پر اتفاق کیا۔ اس بات پر مکمل اتفاق رائے پایا گیا کہ بے گناہ شہریوں کے تحفظ کیلئے اس امر کو یقینی بنایا جائیگا کہ سرحد پر فائرنگ نہیں ہونی چاہئے۔ مذاکرات میں پاکستان کے سولہ رکنی جبکہ بی ایس ایف کے 23 رکنی وفد نے حصہ لیا اور ان میں داخلہ اور خارجہ امور کی وزارتوں کے حکام بھی شامل تھے۔ بی ایس ایف کی طرف سے پاکستانی وفد کے اعزاز میں الواداعی عشائیہ بھی دیا گیا جس کے بعد وفد وطن واپس پہنچ گیا ہے۔ آئی این پی کے مطابق پاکستان رینجرزاور بھارتی بارڈر سکیورٹی فورسزمیں ورکنگ بائونڈری پر فائر بندی، سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات اور سمگلنگ کی روک تھام کیلئے مربوط بارڈر کنٹرول پر اتفاق ہوا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق بات چیت میں ورکنگ بائونڈری پر فائر بندی پر اتفاق کیا گیا۔ قیام امن کیلئے سیز فائر کی سنگین خلاف ورزیوں کی مشترکہ تحقیقات پر بھی اتفاق کیا گیا،بات چیت میں معمولی مسائل مقامی سطح پر حل کرنے کی خواہش کا بھی اظہار کیا گیا۔ ڈی جی رینجرز پنجاب کی بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ ملاقات کی رپورٹ وزارت خارجہ کو بھجوا دی گئی۔ ڈی جی رینجرز پنجاب پاکستان واپسی پر دورہ کے حوالے سے وزیراعظم اور آرمی چیف کو بھی بریفنگ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن