• news

جہلم: سپرے سے متاثرہ 40 طالبات ہسپتال میں زیر علاج‘ سانس لینے میں مشکلات‘ سکول پرنسپل کی ضمانت

جہلم+ دینہ (نامہ نگاران) نواحی گائوں ڈومیلی میں گورنمنٹ گرلز ہائی سکول میں ہفتہ کے روز انسداد ڈینگی سپرے کے زہریلے اثرات سے بے ہوش ہونے والی 100 طالبات میں سے بعض بچیوں کو حالت تسلی بخش ہونے کے بعد ہسپتالوں سے گھر منتقل کردیا گیا جبکہ 40شدید متاثرہ طالبات ابھی تک ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں زیر علاج ہیں اور انہیں سانس لینے میں مشکلات کا سامنا ہے جبکہ سپرے کیس میں نامزد 6 افراد کو ڈیوٹی مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا ڈیوٹی مجسٹریٹ نے سکول پرنسپل کو ضمانت پر رہا کردیا جبکہ دیگر 5ملزموں کو پولیس کے حوالے کردیا۔ تفصیلات کے مطابق جہلم کے نواحی گائوں ڈومیلی میں ہفتہ کے روز اینٹی ڈینگی سپرے کے اثرات سے بے ہوش ہونے والی 100 کے قریب طالبات میں سے 60 طالبات کو حالت تسلی بخش ہونے کے بعد ہسپتالوں سے ان کے گھروں میں منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ ڈی ایچ کیو ہسپتال جہلم میں 40 کے قریب شدید متاثرہ بچیاں ابھی تک زیر علاج ہیں اور ڈاکٹرز کے مطابق اگلے 48گھنٹے تک ان کی حالت بھی تسلی بخش ہو جائے گی اور انہیں بھی گھروں میں منتقل کر دیا جائے گا۔ علاوہ ازیں پولیس تھانہ ڈومیلی نے تمام نامزد ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ سکول کی پرنسپل کو ضمانت پر رہا کردیا گیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق گورنمنٹ گرلز ہائر سیکنڈری سکول ڈومیلی میں ڈینگی سپرے سے طالبات کے بے ہوش ہونے پر سکول کی پرنسپل سمیت چھ افراد کے خلاف تھانہ ڈومیلی میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے، سکول پرنسپل نے ایف آئی آر میں اپنی غفلت کا اعتراف کیا ہے اور کہا محکمہ صحت کی واضح ہدایات موجود تھیں سپرے نہ کرایا جائے دکان جہاں سے سپرے خریدا گیا کو سیل کر دیا گیا ہے اور سپرے کے نمونے حاصل کر لیے گئے ہیں۔ ایف آئی آر میں سپرے بیچنے والے، مالک دکان، سکول چوکیدار اور سپرے کرنے والے کے نام بھی شامل ہیں۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ طالبات کو 100 فیصد صحت یاب ہونے میں مزید 48 گھنٹے لگیں گے مکمل صحت یابی میں مزید وقت لگے گا۔ علاوہ ازیں سکول کی پرنسپل نساس اختر کو اتوار کے روز علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا گیا جس نے اس کو ضمانت پر رہا کر دیا جبکہ دیگر ملزمان کو آج بروز پیر کو علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا جائے گا۔ علاوہ ازیں ڈی ایچ کیو جہلم اور رورل ہیلتھ سینٹر ڈومیلی میں جدید طبی سہولیات، آکسیجن سلنڈرز اور ادویات کی وافر مقدار موجود ہے۔ ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل سٹاف کی کوئی کمی نہیں۔ ان خیالات کا اظہار ای ڈی او ہیلتھ جہلم، ایم ایس ڈی ایچ کیو جہلم ڈاکٹر شوکت محمود، اسسٹنٹ کمشنر جہلم ڈاکٹر آفاق وزیر اور میڈیکل سپیشلسٹ ڈاکٹر فواد مجید نے ڈی ایچ کیو جہلم میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ ای ڈی او ہیلتھ جہلم نے کہا کہ طالبات کے بے ہوش ہونے کی ذمہ دار سکول کی پرنسپل ہیں جنہوں نے اپنی غلطی کا اعتراف کیا ہے کہ سکول میں سپرے محکمہ ہیلتھ کی اجازت کے بغیر اور سپرے کے متعین طریقہ کار کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سپرے میں انسانی صحت کیلئے نقصان دہ کیمیکل استعمال کیا گیا تھا جس سے طالبات بیہوش ہوئیں۔

ای پیپر-دی نیشن