بھارت اسرائیل سے 40 کروڑ ڈالر کے 10 ڈرون خریدے گا‘ منصوبہ منظور
نئی دہلی (این این آئی) غیر ملکی میڈیا کے مطابق بھارتی حکومت نے ہندوستان کے سرحدی علاقوں میں فوجی مقاصد کیلئے اسرائیلی حکومت سے 10 ڈرون طیارے خریدنے کیلئے 40 کروڑ ڈالر مالیت کا منصوبہ منظور کر لیا، یہ ڈرون طیارے جنگی، امدادی اور جاسوسی کے امور انجام دیں گے۔ بھارتی وزارت دفاع کے ایک اعلیٰ عہدیدار نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ اس منصوبے پرعمل درآمد کی نگرانی کی ذمہ داری اعلیٰ سرکاری عہدیداروں کے سپرد کی گئی اور آئندہ ایک سال کے اندر یہ ڈرون طیارے ہندوستانی فضائیہ کو مل جائیں گے۔ رپورٹ کے مطابق 2012ء میں بھی بھارت کی مسلح افواج نے اسی طرح کا ایک منصوبہ پیش کیا تھا تاہم اس کو سیاسی حمایت اور تائید نہیں مل سکی تھی اسرائیلی حکومت کی ایروسپیس صنعت کا ایک اعلی عہدیدار بھارت کو ڈرون طیاروں کی فروخت کے معاہدے کے بارے میں مزید اورحتمی بات چیت کیلئے اس وقت نئی دہلی میں ہے۔