راولپنڈی: ڈینگی سروے ٹیم پر حملہ 2 خواتین سمیت 5 افراد زخمی
راولپنڈی (آن لائن) راولپنڈی میں ڈینگی سروے ٹیم پر مشتعل افراد نے حملہ کر کے 2 خواتین سمیت 5 افراد کو زخمی کردیا اور ڈینگی ٹیم کی گاڑی کو آگ لگانے کی کوشش کی۔ اہل محلہ نے بیچ بچائو کر کے ڈینگی ٹیم کی مشتعل افراد سے جان چھڑائی۔ پولیس نے 5 نامعلوم افراد کیخلاف مقدمہ درج کرلیا۔ ڈینگی سروے ٹیم راولپنڈی کے علاقے وارث خان میں آئی اور ایک بھینسوں کے باڑے میں سروے شروع کیا تو قریب ہی موجود چند افراد ڈینگی ٹیم کو دیکھتے ہی مشتعل ہوگئے۔ مشتعل لوگوں نے ڈینگی ٹیم پر حملہ کیا اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ واقعہ کے بعد زخمیوں کو طبی امداد کیلئے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا۔ اس موقع پر ڈینگی سروے ٹیم کے حکام نے موقف اختیار کیا راولپنڈی شہر میں ڈینگی وائرس کا خطرہ موجود ہے اور اس حوالے سے وارث خان میں موجود بھینسوں کے باڑے میں بھی کھڑے پانی میں ڈینگی وائرس کی موجودگی کے شواہد ملے ہیں جبکہ ڈینگی سروے ٹیم پر حملہ کرنا سمجھ سے بالاتر ہے جبکہ مشتعل افراد نے کہا اٹک اور جہلم میں ڈینگی سروے حکام نے ناتجربہ کار سپرے کرنے والے بھیجے جس سے سینکڑوں معصوم بچیاں زندگی اور موت کی کشمکش میں ہیں اسلئے نااہل ڈینگی ماہرین کو شہروں میں کام کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے حوالے سے چھاپے مار کارروائیوں کا آغاز کردیا ہے۔