پاکستان میں 370ڈرون حملے امریکہ، 51 برطانیہ نے کئے: انویسٹی گیٹیو جرنلزم بیورو
لندن؍واشنگٹن (اے این این) برطانوی وزارت دفاع نے دبے لفظوں میں اعتراف کیا ہے کہ برطانوی فوج امریکی سی آئی اے کی پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں میں معاونت کررہی ہے ۔ گارڈین کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزارت دفاع کے ترجمان نے کہا ہے کہ برطانیہ افغانستان، لیبیا اور عراق میں ڈرون حملوں میں امریکہ کی معاونت کررہا ہے لیکن پاکستان سے متعلق سوال کے جواب میں وزارت دفاع کے ترجمان یہ کہہ کر سوال گول کرگئے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں معاونت سے متعلق تصدیق یا تردید نہیں کرسکتے کیونکہ اس سے عالمی تعلقات پر منفی اثر پڑے گا۔ پاکستان میں ڈرون حملوں سے متعلق امریکہ اور برطانیہ کے ایوانوں میں صدائے احتجاج بلند کرنے والے معروف امریکی وکیل و انسانی حقوق کی سرگرم کارکن جینیفر گبسن نے جریدے سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ نے پاکستان میں بے گناہ شہریوں کو قتل کے جرم میں برابر کے شریک ہونے کا دبے لفظوں میں اعتراف کرلیا ہے ۔ یاد رہے جینیفر گبسن برطانیہ اور امریکہ میں پاکستان کے قبائلی علاقوں میں ڈرون حملوں کے خلاف صدائے احتجاج بلند کرتی آرہی ہیں ،اس حوالے سے انہوں نے باقاعدہ ریپرائیو کے نام سے تنظیم بھی بنائی ہے ،اس کے علاوہ وہ امریکہ کی معروف وکیل اور انسانی حقوق کی سرگرم کارکن ہیں ۔ برطانیہ کے بیورو آف انویسٹی گیٹیو جرنلزم نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا ہے کہ پاکستان کے قبائلی علاقوں میں اب تک 421ڈرون حملوں میں 370 امریکہ جبکہ 51برطانیہ نے کیے ہیں ۔بیورو کے مطابق ان حملوں میں 2400افراد مارے جا چکے ہیں جن میں سے 420عام شہری بھی شامل ہیں ۔بیورو نے تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ برطانیہ امریکہ کے پاکستان میں ڈرون حملوں کی بھرپور معاونت کررہا ہے۔