لاہور سمیت کئی شہروں میں چھاپے، 655 کلو مضر صحت گوشت برآمد، 9 افراد گرفتار
لاہور+ مریدکے + فیروز والا (خبر نگار+ نامہ نگاران) لاہور سمیت کئی شہروں میں گذشتہ روز چھاپوں کے دوران مزید 665 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا ہے جبکہ 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور میں ضلعی انتظامیہ کی لائیوسٹاک اور دیگر محکموں پر مشتمل چھاپہ مار ٹیم نے ڈبن پورہ اور کینال ویو ملتان روڈ پر چھاپہ مار کر 3سو کلوگرام مضر صحت اور بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کرلیا جبکہ 2 افراد کو حراست میں لینے کے ساتھ ساتھ غیر قانونی طور پر گھروں میں بنائے گئے مذبح خانوں کو سیل کر دیا اسی طرح ضلعی انتظامیہ کی ایک اور ٹیم نے کاہنہ میں چھاپہ مار کر مضر صحت گوشت فروخت کرنے والے دو قصابوں کو حراست میں لے کر ان سے 100 کلو گرام بیمار جانوروں کا گوشت برآمد کر لیا۔ مریدکے سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے چھاپہ مار کر 60 کلو گرام مضر صحت گوشت برآمد کر لیا۔ بتایا گیا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک کی ٹیم نے ٹینکی والا بازار میں چھاپہ مار کر مضر صحت گوشت قبضہ میں لے کر 2 قصابوں کے خلاف مقدمہ درج کرا دیا قصاب دکانیں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔ عرفان اور رفیع نامی قصاب گائے کا مضر صحت گوشت فروخت کر رہے تھے قصابوں نے گوشت کے صحت مند ہونے کی تصدیق کیلئے کمپیوٹرائزڈ ٹوکن بھی حاصل کر رکھا تھا جس کی تصدیق کی گئی تو وہ جعلی نکلا ، ٹیم نے گوشت قبضے میں لے کر اسے تلف کر دیا۔ علاوہ ازیں تھانہ سٹی کے علاقہ داؤکے میں 4افراد گدھے کو ذبح کر کے اس کی کھال اتار کر لے گئے۔ فیروز والا سے نامہ نگار کے مطابق محکمہ صحت کی ٹیم نے کوٹ عبدالمالک، شرقپور روڈ کے علاقے میں چھاپے مار کر ناقص گوشت فروخت کرنے والے تین قصابوں کو پکڑ کر انکے قبضہ سے 85 کلو گوشت قبضہ میں لے لیا اور شاہد اور وقاص وغیرہ کے خلاف مقدمات درج کرا دئیے ہیں۔ اوکاڑہ سے نامہ نگار کے مطابق اوکاڑہ میں ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے 50 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر لیا اور 2 ملزموں کو گرفتار کر لیا ہے۔ جبکہ کراچی میں بھی کارروائی کرتے ہوئے 20 کلو مضر صحت گوشت برآمد کر لیا گیا ہے۔ این این آئی کے مطابق گوجرانوالہ میں محکمہ لائیو سٹاک نے کارروائی کر کے کٹے ہوئے 2 گدھے اور 18 کھالیں برآمد کر لیں۔ گدھے کاٹنے والے قصاب موقع سے فرار ہو گئے۔ اے این این کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت دیگر علاقوںسے منوں کے حساب سے روزانہ مضر صحت گوشت پکڑے جانے بعدکھانے کے شوقین لاہوریوں نے گوشت کھانے سے توبہ کرلی جس سے ہوٹلوں کی رونقیں ماند پڑ گئی ہیں۔ میڈیا میں اس مکروہ اور نفرت انگیز دھندے کی خبریں نشر ہونے پر عوام نے ہوٹلوں سے منہ موڑ لیا اور شہریوں میں گھر کے کھانے کا رجحان بھی بڑھ گیا ہے۔