• news

مدارس خود نصاب میں تبدیلی کریں، یہ کام حکومت کا نہیں: منور حسن

لاہور (خصوصی نامہ نگار) سابق امیرجماعت اسلامی سید منور حسن نے کہا ہے کہ کراچی آپریشن کو مزید مؤثر بنانے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے، دینی مدارس میں تبدیلی فوج یا حکومت کا کام نہیں، اسلامی نظام اِس دنیا کا مقدر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اقبال کالونی میں جماعت اسلامی کے رہنما قاضی محمد سرور کے ایصال ثواب کیلئے منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب اور بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں کیا۔ سید منور حسن نے کراچی آپریشن کے حوالے سے کہا بھتہ خوری میں تو کمی آئی ہے لیکن سٹریٹ کرائم بڑھ گئے ہیں۔ احتساب کے عمل کو مزید موثر بنانے اور اسے منطقی انجام تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ گورنر سندھ 13 سال سے مسند اقتدار پر ہیں جن پر دہشت گردی کی پشت پناہی، جرائم کی پردہ پوشی، مجرموں کو تحفظ فراہم کرنے کے سنگین الزامات ہیں۔ ایم کیو ایم کے سربراہ سمیت دیگر رہنماؤں کیخلاف صولت مرزا کے الزامات اپنی جگہ موجود ہیں۔ بلدیہ ٹائون کی فیکٹری میں 300 آدمی زندہ جل گئے لیکن مجرموں کو ابھی تک گرفتار نہیں کیا گیا اور ورثا کی بھی کوئی داد رسی نہیں کی گئی۔ سندھ کو سونے کی چڑیا سمجھنے والوں نے زمینوں پر قبضہ کر رکھا ہے، ان تمام مجرموں کو بلا تفریق احتساب کے کٹہرے میں لانا ہو گا۔ دینی مدارس کے نصاب میں تبدیلی فوج یا حکومت کا کام نہیں، مدارس خود اپنے نصاب کو تبدیل کریں۔

ای پیپر-دی نیشن