کراچی: مقابلوں میں 3 گینگسٹر ہلاک‘ مفتی شامزئی‘ صحافی آفتاب عالم کے قتل کے 5 ملزم گرفتار
کراچی (کرائم رپورٹر + ایجنسیاں) کراچی میں رینجرز اور پولیس سے مقابلے میں 3 گینگسٹر مارے گئے۔ تفصیلات کے مطابق لیاری کے مرزا آدم خان روڈ پر رینجرز نے چھاپہ مارا تو ملزموں نے فائرنگ کر دی۔ جوابی فائرنگ میں گینگ وار سے تعلق رکھنے والا عدنان بلوچ اور سجاد گنگا مارے گئے جن کا تعلق لیاری گینگ وار کے عزیز جان گروپ سے ہے اور وہ قتل اور بھتہ خوری کی متعدد وارداتوں میں ملوث تھے۔ دوسری جانب اورنگی ٹاؤن میں پولیس کے ساتھ مقابلے میں ٹارگٹ کلر عبدالوہاب ہلاک ہو گیا۔ پولیس کے مطابق ملزم پولیس پر حملوں، ٹارگٹ کلنگ سمیت 43 وارداتوں میں مطلوب تھا۔ پولیس نے مفتی شامزئی و دیگر علماء اور پولیس انسپکٹر ناصرالحسن سمیت دیگر کئی افراد کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث ملزم وصی حیدر کو فیڈرل بی ایریا سے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی ویسٹ کے مطابق گرفتارملزم کا تعلق سیاسی جماعت سے ہے۔ پولیس نے ملزم سے دستی بم اور اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس ایس پی سنٹرل مقدس حیدر کے مطابق وصی حیدر 2002ء میں حیدر آباد سے کراچی منتقل ہوا اور 2004ء میں سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد پہلی کارروائی 2005ء میں گرومندر کے قریب کی جس میں مفتی نظام الدین شامزئی جاں بحق ہوئے۔ اس کے بعد ملزم نے 2007ء میں لائنز ایریا میں صفدرنامی کباڑی کو بھتہ نہ دینے اور 2009ء میں ایس ایچ او بریگیڈ انسپکٹرناصرالحسن کو لائنز ایریا میں ہی ساتھیوں کے ساتھ مل کرقتل کیا۔ 2010ء میں لائنز ایریا حسینی امام بارگاہ کے قریب ایم کیو ایم حقیقی کے کارکن عبدالشکور کو موت کے گھاٹ اتارا۔ 2011ء میں ہائی کورٹ کے ملازم بشیراحمد کو لکی اسٹارکے قریب قتل کیا۔ 2013ء میں ملزم نے ساتھیوںکے ساتھ مل کر شارع فیصل پر نرسری کے قریب ہائی روف پر فائرنگ کرکے علمائے کرام مولانا عبدالمجید دین پوری‘ حافظ محمد احسان اور مفتی صالح محمد قاضی کو ہلاک کیا۔ دوسری طرف پولیس نے صحافی آفتاب عالم کے قتل میں ملوث مبینہ مرکزی ملزم کو نارتھ کراچی سے گرفتار کر لیا۔ ملزم کی نشاندہی پر اس کے 3 اور ساتھیوں کو بھی گرفتار کر کے ان سے اسلحہ بھی برآمد کر لیا گیا۔ یہ لوگ نارتھ کراچی میں بیکری پر فائرنگ میں بھی ملوث ہیں اور بیرون ملک سے تربیت لے کر آئے ہیں اور فائرنگ کا واقعہ فرقہ وارانہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ ہے۔