• news

پنجاب‘ سندھ میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ‘ کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل شروع

اسلام آباد (خبرنگار) پنجاب اور سندھ میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا سلسلہ شروع ہوگیا ہے، پولنگ 19نومبر کو ہوگی، دوسرے مرحلے میں پنجاب کے 12 جبکہ سندھ کے 15 اضلاع میں انتخابات ہوں گے۔ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 26 ستمبر سے یکم اکتوبر تک ہوگی۔ حتمی فہرست 14اکتوبر کو جاری ہو گی۔ دوسرے مرحلے میں پنجاب کے ضلع خانیوال، ساہیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گوجرانوالہ، حافظ آباد، منڈی بہاؤ الدین، اٹک اور جہلم میں الیکشن ہوگا جبکہ سندھ کے ضلع حیدرآباد، مٹیاری، ٹنڈو الہ یار، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹھہ، سجاول، بدین، دادو، جامشورو، شہید بینظیر آباد، نوشہرو فیروز، سانگھڑ، میرپور خاص، عمر کوٹ اور تھرپار میں انتخابات ہوں گے۔ سکھر آن لائن کے مطابق بلاول بھٹو کا بلدیاتی الیکشن میں موروثی سیاست کے خاتمے کا نعرہ دم توڑ گیا، خورشید شاہ، اسلام الدین شیخ، ناصر شاہ سمیت سندھ بھر میں وزراء اپنے بیٹوں، رشتہ داروںکو سامنے لے آئے، مختلف یونین کمیٹی میں چیئرمین، وائس چیئرمین کیلئے کاغذات نامزد گی جمع کرا دئیے گئے۔ خورشید شاہ اپنے بیٹے کو بلامقابلہ ضلع کونسل کا ممبر بنانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔ بلاول بھٹو نوڈیرو بلاول ہائوس میں سکھر، لاڑکانہ ڈویژن کے عہدیداران کے اجلاس میں بلدیاتی الیکشن میں قومی و صوبائی اسمبلی سے تعلق رکھنے والے پارٹی کے کسی نمائندے کے بیٹے اور رشتہ داروں کو ٹکٹ نہ دینے کے واضح اعلان کیا تھا۔ اسلام الدین شیخ کے بیٹے ارسلان اسلام شیخ نے یونین کمیٹی سعید آباد اور یونین کمیٹی دو ٟ سابق تعلقہ ناظم روہڑی اسلم شیخ و دیگر نے اپنے فارم جمع کرائے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن