متحدہ مسلم لیگ کا قیام ناممکن، اپوزیشن جماعتوں کا گریٹر الائنس چاہتا ہوں: چودھری شجاعت
لاہور (خبرنگار) ق لیگ کے صدر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے تمام مسلم لیگی دھڑوں کو اکٹھا کرنا ناممکن ہے۔ تمام اپوزیشن جماعتوں اور اپوزیشن لیڈروں کا گریٹر الائنس چاہتا ہوں جو مل کر الیکشن لڑے، ایک مسلم لیگ کے قیام میں نام اور ذاتیات بھی رکاوٹ بن سکتی ہے، صرف ہماری جماعت پاکستان مسلم لیگ کے حقیقی نام سے رجسٹرڈ ہے اور تمام صوبوں کے علاوہ سینٹ اور قومی اسمبلی میں اس کی نمائندگی موجود ہے، ہمارے تجربہ کار سیاسی رہنما ہر جماعت میں موجود ہیں جو اسی رفتار سے اپنی جماعت میں واپس آئیں گے۔ چودھری شجاعت حسین نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگوں کے اتحاد کے بارے میں تین آپشن زیرغور آئے ہیں، متحدہ مسلم لیگ کا قیام، گرینڈ الائنس اور ادغام، صدارت اور عہدے وغیرہ رکاوٹ بن سکتے ہیں اس لیے میں مسلم لیگوں کے ادغام کے بارے میں پرامید نہیں ہوں اور گریٹر اپوزیشن الائنس کی تشکیل چاہتا ہوں جس میں تمام اپوزیشن جماعتیں اور اپوزیشن لیڈر اپنے اپنے ناموں اور عہدیداروں کے ساتھ موجود ہوں۔ سابق صدر پرویزمشرف نے بھی میرے نکتہ نظر سے اتفاق کیا ہے کیونکہ اس سے کسی کی حیثیت متاثر نہیں ہوتی۔ مسلم لیگوں کے اتحاد اور ادغام کیلئے ابھی تک کوئی بڑا اجلاس منعقد نہیں ہوا جس میں تمام مسلم لیگوں کے قائدین موجود ہوں۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ سیاست میں تجربہ بھی نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے لیکن پچھلے عام انتخابات میں دھاندلی سے تجربہ کو ہرا دیا گیا۔ پہلے دن سے کہا تھا کراچی مسئلے کا حل سیاسی ہے ایسا ہی ثابت ہوا، کراچی آپریشن کا آغاز اچھا ہوا اس کے ذریعے شہر میں امن قائم ہوا۔