’’گیتا‘‘ کو وطن واپس لاکر معذوروں کے ادارے میں قوت سماعت کا علاج کرینگے بھارتی وزارت سماجی انصاف
نئی دہلی (اے این این) بھارتی وزارت سماجی انصاف کے ترجمان نے کہا ہے کہ کراچی کے ایدھی ہوم میں رہائش پذیر بھارتی لڑکی گیتا کو وطن واپس لاکر معذوروں کے ادارے پنڈت دیندیال اپادھیائے انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے گا۔ بھارتی خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے وزارت کے ایک سینئر عہدیدار نے کہاکہ ہم نے وزارت خارجہ کو ایک تجویز پیش کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ گیتا کو معذوروں کے خود مختار ادارے پنڈت دیندیال اپادھیائے انسٹیٹیوٹ میں رکھا جائے جہاں اس کی سماعت واپس لوٹانے کیلئے ماہر کی خدمات بھی مہیا کی جائیں گی۔ یاد رہے کہ گیتا 7یا 8سال کی عمر میں اپنے خاندان سے بچھڑ کر سمجھوتہ ٹرین سے پاکستان پہنچ گئی تھی۔ پندرہ برس قبل پاکستان رینجرز نے لاہور ریلوے سٹیشن کے قریب سے ملنے کے بعد اسے ایدھی فائونڈیشن کے حوالے کر دیا تھا۔
بھارتی گیتا وزارت