15ستمبر 1965ء کو نوائے وقت میں شائع ہونے والی خبر کا متن
راولپنڈی۔ 14ستمبر (اپ، پ پ، ر پ) آج بھارتی فوج نے سیالکوٹ کے محاذ پر آگے بڑھنے کی کوشش نہیں کی البتہ لاہور سیکٹر میں دشمن نے پیہم ناکامیوں کے بعد ایک مقام پر پھر آگے بڑھنے کی کوشش کی۔ اس نے راوی کے پارسائفن کے نزدیک مقبول پور کے علاقے میں تین بار حملہ کیا مگر اس کا ہر حملہ پسپا کر دیا گیا، حملہ آور بھارتی ایک سو 50 لاشیں اپنے پیچھے چھوڑ گئے۔ اندازہ ہے کہ کوئی تین سو بھارتی مجروح ہوئے دشمن کے پانچ ٹینک بھی تباہ کئے گئے، دشمن کا ایک ہنٹر طیارہ بھی ہوا مار توپوں نے گرایا جو قیدی ہاتھ آئے ان میں بھارتی فوج کا ایک افسر بھی ہے۔ سیالکوٹ سیکٹر میں پچھلے چند دن ٹینکوں کی زبردست لڑائی رہی جس میں دشمن نے بری طرح زک اٹھائی کل دس سیکٹر میں دشمن نے پھر آگے بڑھنے کی مطلق کوشش نہیں کیا۔ فوجی ترجمان کا کہنا ہے کہ کھیم کرن، قصور سیکٹر میں ہماری فوجیں دشمن پر بدستور دبائو ڈال رہی ہیں اس علاقے میں ہماری ہوا مار توپوں نے دشمن کا ایک مائسٹر طیارہ مار گرایا جو اپنی فوج کی امداد کیلئے آیا تھا دشمن کو برابر بھاری جانی نقصان پہنچایا جا رہا ہے اور ہماری فوجیں اپنے مورچے مضبوط کر رہی ہیں۔