• news

اورنج لائن میٹرو ٹرین روٹ پر سروسز کی منتقلی میں تاخیر برداشت نہیں کروں گا: شہباز شریف

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت گزشتہ روز اعلی سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے روٹ پر متعلقہ اداروں اور محکموں کی سروسز کی منتقلی کے پلان کا جائزہ لیا گیا۔ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کے روٹ پرسروسز کی منتقلی اورنئی جگہوں پر تنصیب کیلئے جامع پلان پر ٹائم لائن کی پابندی کرتے ہوئے عملد رآمد ہونا چاہیے۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے روٹ پر سروسز کی منتقلی کیلئے وسائل ترجیحی بنیادوں پر فراہم کردئیے گئے ہیں ۔متعلقہ ادارے اور محکمے بہتر کوآرڈینیشن کے تحت سروسز کی منتقلی کا کام سرانجام دیں ۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سروسز کی منتقلی کو ہر قیمت پر مقرر مدت میں مکمل کیا جائے ۔سروسز کی منتقلی میں ایک لمحے کی بھی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔میںتعمیراتی کام اورسروسز کی منتقلی کے عمل کا باقاعدگی سے جائزہ لیتا رہوں گا۔ لیسکو ،واسا،گیس،پی ٹی سی ایل اوراین ٹی سی کے محکمے اپنی سروسز کی منتقلی کیلئے دن رات کام کریںاورسروسز کی منتقلی کے عمل کو ہر صورت مقرر مدت میں مکمل کریں۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ تعمیراتی کام کے دوران روٹ پر ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے جامع منصوبہ بندی ہونی چاہیے تاکہ شہریوں کو کسی قسم کی تکلیف کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ روٹ پر تعمیراتی کام کے دوران منصوبے پر کام کرنیوالوں کی حفاظت کیلئے بھی موثر انتظامات ہونے چاہئیں۔ منصوبے پر کام کا آغاز ہوچکا ہے اور مفاد عامہ کے اس عظیم منصوبے کو نہایت برق رفتاری سے شفاف طریقے سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ منصوبے کی تکمیل سے عوام کو آمد و رفت کی بہترین سہولتیں میسر آئیں گی اور ٹرانسپورٹ کے نظام میں انقلابی تبدیلی رونما ہوگی۔علاوہ ازیں شہباز شریف سے گزشتہ روز آل انڈسٹریلسٹ اینڈ بزنس مین ایسوسی ایشن،استنبول کے چیئرمین یاسر دوگین کی سربراہی میں وفدنے ملاقات کی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک ترک تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ شہبازشریف نے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی متعدد کمپنیاں پاکستان خصوصاً پنجاب میں مختلف شعبوں میںسرمایہ کاری کررہی ہیں جس سے دونوں ملکوں کے مابین معاشی و اقتصادی تعلقات مضبوط ہوئے ہیں۔ تجارتی و صنعتی وفود کے زیادہ تبادلوں سے دونوں ملکوں کے درمیان معاشی تعلقات مزید بڑھیں گے اوراس ضمن میں اگلے ماہ ترکی کے شہر استنبول میں ہونے والی ایکسپو بہت اہمیت کی حامل ہے اور پنجاب کا وفدبھی اکتوبر میں استنبول میں ہونیوالی ایکسپو میں شرکت کرے گا۔ پنجاب حکومت نے دونوں ملکوں کے مابین تعلقات کو فروغ دینے کیلئے پنجاب سرمایہ کاری بورڈ میں پنجاب ٹرکش ڈیسک بنایا ہے جو صنعتی ، تجارتی اورمعاشی تعلقات کے فروغ میں اہم کردارادا کرے گا۔ آل انڈسٹریلسٹ اینڈ بزنس مین ایسوسی ایشن استنبول کے چیئرمین یاسردوگین نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ سیاحت اوردیگر شعبوں میں تعاون بڑھانا چاہتے ہیں اور ہمیں خوشی ہوگی کہ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف اکتوبرمیں استنبول میں ہونے والی ایکسپو میں شریک ہوں۔ استنبول میں ہونے والی ایکسپو کا افتتاح ترک صدر رجب طیب اردگان کریں گے۔ ترک وفدنے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو ایکسپو میں شرکت کی باضابطہ دعوت دیتے ہوئے کہا کہ ایکسپو میں پاکستانی پویلین بھی قائم کیا جائے گا۔ مزید برآں شہباز شریف سے گزشتہ روز سرگودھا بورڈ میں انٹرمیڈیٹ ( آرٹس گروپ)کے امتحانات میں دوسری پوزیشن حاصل کرنیوالے محنت کش غریب خاندان کے طالبعلم کامران واجد نے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ نے انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں شاندار کارکردگی دکھانے پر طالبعلم کامران واجد ،اس کی والدہ اورگورنمنٹ ہائر سکینڈری سکول کے پرنسپل حافظ محمد سعید کو مبارکباد دی -وزیراعلیٰ نے طالبعلم کامران واجد کو پانچ لاکھ روپے کا چیک اور لیپ ٹاپ بھی دیا جبکہ پرنسپل حافظ محمد سعیدکو ڈیڑھ لاکھ روپے کا چیک دیا- شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کامران واجد جیسے محنتی طالبعلم قوم کا عظیم اثاثہ ہیں -پنجاب حکومت کامران واجد جیسے کم وسیلہ ، محنتی اور قابل نوجوانوں پر اربوں روپے کے وسائل نچھاور کر رہی ہے-

ای پیپر-دی نیشن