• news

سابق وزیر کے پی کے ضیا آفریدی کو پارٹی سے نکالنے کا اعلان، رینجرز اور نیب پنجاب میں بھی کرپشن کے خلاف کارروائی کریں: عمران

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ + ایجنسیاں) عمران خان نے کہا ہے کہ جب زرداری کی کرپشن پر ہاتھ پڑا تو پیپلز پارٹی نے شور مچایا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے مک مکا کر رکھا ہے۔ زرداری اور ن لیگ میں ایک دوسرے پر ہاتھ نہ ڈالنے کا معاہدہ ہوا تھا۔ زرداری نے ن لیگ کو بچایا لیکن پی پی اب شور مچا رہی ہے۔ پی پی ن لیگ مک مکا کے 3 حصے تھے۔ تینوں حصے ایکسپوز ہو گئے۔ پیپلز پارٹی کبھی نندی پوری منصوبے پر بات نہیں کرتی، ان کا مک مکا ختم ہونا پاکسان کے لئے خوش آئند ہو گا۔ دہشتگردی کے خلاف جب آپریشن ہوتا ہے تو جمہوریت کیوں یاد آتی ہے۔ جمہوریت کی آڑ میں ملک کو لوٹا جا رہا ہے۔ دبئی میں اجلاس کے اخراجات کون برداشت کر رہا ہے۔ نندی پور پراجیکٹ کا غیرجانبدارانہ آڈٹ کرایا جائے۔ بلیک میلنگ نہیں چلے گی۔ چار اکتوبر کو دھرنا نہیں احتجاج ہے۔ میں کسانوں کو بھی احتجاج میں شرکت کی دعوت دے رہا ہوں۔ پاکستان کی تاریخ میں کسان کبھی اتنا نہیں کچلا گیا جتنا اس دور میں کچلا گیا۔ کسانوں کو 4 فصلوں کی قیمت نہیں ملی۔ تیل کی قیمت عالمی مارکیٹ میں جتنی کم ہوئی، کھاد سستی ہونی چاہیے تھی۔ الیکشن کمشن میں رپورٹ دی کہ انتخابات میں پنجاب پولیس کو استعمال کیا جا رہا ہے۔ کرپشن کے خلاف کارروائی کی زیادہ ضرورت پنجاب میں ہے۔ رینجرز اور نیب پنجاب میں بھی کارروائی کریں۔ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کارروائی کے خلاف دبائو ڈال رہی ہیں۔ قوم چوروں اور کرپٹ لوگوں سے تنگ آئی ہوئی ہے۔ قطر سے ایل این جی کی خریداری پر آپ کرپشن کے سارے ریکارڈ بھول جائیں گے۔ ایل این جی تاریخ کا سب سے بڑا فراڈ ہے۔ ایل این جی کی قیمت کسی کو نہیں بتائی جا رہی۔ ہمیں پتہ ہے قطر میں کون بیٹھا ہے۔ دعوت دیتا ہوں خیبر پی کے میں کرپٹ لوگوں کے خلاف آپریشن کریں۔ ہمیں میٹرو بس کا آڈٹ چاہیے۔ نندی پور پراجیکٹ کا غیرجانبدار آڈٹ کرایا جائے۔ ایم کیو ایم کی ہڑتال ناکام ہونے پر کراچی اور سندھ کے لوگ خوش ہیں۔ وہی چاروں الیکشن کمشنرز بیٹھے ہیں جنہوں نے دھاندلی کروائی تھی۔ ان چار صوبائی الیکشن کمشنرز کا جانا ضروری ہے۔ اگر یہ الیکشن کمشنرز نہ گئے تو پھر تحریک انصاف کو ہرائیں گے۔ عمران خان نے کہاکہ آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا گراف بڑھنے کا سبب قوم کا چوروں سے تنگ آنا ہے ٗ آصف زرداری اور ایم کیوایم فوج کو پیچھے ہٹانے کے لیے نوازشریف پر دباؤ ڈال رہے ہیں ٗلگتا ہے آرمی چیف پیچھے نہیں ہٹیں گے ٗ نندی پور ڈاکے کے ذمہ دار شہبازشریف ہیں، نندی پور اور میٹرو بس پراجیکٹ کا تھرڈ پارٹی سے آڈٹ کرایا جائے ٗضیاء اللہ آفریدی کو پارٹی سے نکال رہے ہیں ٗ اب تمام تر وجہ پارٹی ڈسپلن پر ہوگی ٗ اعظم سواتی کا فیصلہ آئندہ 2 روز میں کریں گے ٗ ضیااللہ آفریدی کی باتوں پر دکھ ہوا انہوں نے احتساب کمشن اور آئی جی پر غلط الزامات لگائے، انہیں پہلے اپنے اوپر لگنے والے الزامات کو غلط ثابت کرنا چاہئے تھا لیکن انہوں نے بھی پیپلزپارٹی اور (ن) لیگ والا کام کیا۔ پارٹی میں اپنوں کو نوازنے سے دکھ ہوا آئندہ کسی رکن کے عزیز کو ٹکٹ نہیں ملے گا، اب تمام تر وجہ پارٹی ڈسپلن پر ہوگی چاہے حکومت ہی کیوں نہ چلی جائے، پارٹی کو نقصان پہنچانے والوں کو شوکاز نوٹس جاری کردیئے ہیں جبکہ ضیا اللہ سمیت بلدیاتی انتخابات میں مخالفین کو ووٹ دینے والے 57 ارکان کو پارٹی سے نکال رہے ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن