ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا مرحلہ وار پروگرام شروع ہوگیا: سردار یوسف
مانسہرہ (اے پی پی) وفاقی وزیر مذہبی امور سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں مدارس کی رجسٹریشن کا مرحلہ وار پروگرام شروع ہو گیا ہے۔ صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے سردار یوسف نے کہا کہ مدارس کی رجسٹریشن میں تمام مکاتب فکر کے علماء اور وفاق المدارس کے ساتھ میٹنگ کی گئی ہیں جن کے تحفظات دور کر دیئے گئے ہیں، جلد تمام مدارس کی رجسٹریشن مکمل کر لی جائے گی۔ سردار محمد یوسف نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے حکومتی اقدامات قابل تحسین ہیں، آج ملک کے کونے کونے میں امن قائم ہو رہا ہے جس کا سہرا جہاں حکومت کو جاتا ہے وہیں پاک فوج کا کردار بھی نمایاں ہے، ضرب عضب کے نتائج مثبت آ رہے ہیں۔ وفاقی وزیر مذہبی امور نے کہا کہ ہزارہ موٹروے فیز ٹو کا افتتاح وزیراعظم محمد نواز شریف عیدالاضحٰی کے فوری بعد مانسہرہ آ کر کریں گے، وہ دورہ کے دوران مانسہرہ کی تعمیر تو ترقی کیلئے میگا پراجیکٹس کا بھی اعلان کریں گے۔ ڈویژن میں بجلی وولٹیج کی کمی پر قابو پانے کے ساتھ ساتھ بجلی بحران کا بھی خاتمہ ہو گا۔