پسرور: ڈمپر کی ٹکر سے موٹرسائیکل سوار باپ 2 بیٹوں سمیت ہلاک‘ بھانجا شدید زخمی
پسرور+ چونڈہ (نامہ نگاران) چونڈہ ظفر وال روڈ ڈمپر کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار باپ 2 بیٹوں سمیت جاں بحق، بھانجا شدید زخمی ہوگیا۔ تفصیلات کے مطابق موضع بڈھن ٹھروہ کا رہائشی 45 سالہ رزاق مسیح اپنے بیٹوں اردل مسیح عمر12سال ،اعجاز مسیح عمر 7سال اور بھانجے دائم مسیح عمر5سال کو موٹرسائیکل پر آرمی پبلک سکول چونڈہ چھوڑنے جارہا تھا جب وہ ڈگری ہریاں کے قریب پہنچا تو مخالف سمت سے آنے والا تیز رفتار ڈمپر بے قابو ہو کر موٹرسائیکل سے ٹکرا گیا حادثے کے نتیجہ میں رزاق مسیح، اعجاز مسیح اور اردل مسیح موقع پر انتقال کر گئے جبکہ دائم مسیح شدید زخمی ہو گیا جبکہ ڈرائیور موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا ۔حادثہ کی اطلاع ملتے ہی انچارج پولیس چوکی ٹھروہ منڈی سب انسپکٹر جمیل احمد موقع پر پہنچے انہوں نے فوری طور پر نعشوں اور زخمی کو ہسپتال منتقل کیا جبکہ ڈمپر کے ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی تلاش شروع کر دی ہے متوفی رزاق مسیح اے پی ایس سکول چونڈہ میں بطور سینیٹری ورکر کام کرتا تھا۔لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلی شہباز شریف نے پسرور میں ڈمپر کی ٹکر سے باپ اور 2 بیٹوں کے جاں بحق ہونے کی خبر کا نوٹس لیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس حکام سے رپورٹ طلب کر لی۔ وزیراعلی نے جاں بحق ہونے والوں کے لواحقین سے تعزیت کا اظہارکیا ہے۔