• news

ریلوے، پی آئی اے، سٹیل ملز سمیت کسی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دینگے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت من پسند افراد کو نوازنے کے لئے قومی اداروں کی لوٹ سیل لگانا چاہتی ہے، قومی اداروں کو اونے پونے بیچنے کی کوشش کی گئی تو سخت مزاحمت کریں گے۔ گزشتہ ادوار میں کی گئی نج کاری کا قوم کو ابھی تک کوئی حساب نہیں دیا گیا۔ حکمران نج کاری کے نام پر اداروں کو فروخت کرکے ملک کو ٹھیکے پر دینا چاہتے ہیں۔ وہ مزدوروں کو لاوارث نہ سمجھیں، جماعت اسلامی مزدوروں اور پسے ہوئے طبقوں کی نمائندہ جماعت ہے اور عوام کے قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر رانا محمود علی کی قیادت میں وفد سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ نج کاری قومی یا ملکی مفاد میں نہیں بلکہ آئی ایم ایف کے حکم پر کی جارہی ہے۔ پاکستان سٹیل ملز، پی آئی اے، او جی ڈی سی، پاکستان ریلوے سمیت 68قومی ادارے اونے پونے بیچنے کا منصوبہ ہے۔ زیادہ تر اداروں کی خریداری میں حکومت میں شامل لوگ دلچسپی لے رہے ہیں جس سے ثابت ہوتا ہے کہ نجکاری شفاف نہیں بلکہ سفارشی بنیادوں پر ہوگی۔ قومی اداروں کے پاس اربوں روپے کی زمین اور اثاثے ہیں جن پر ملکی و غیر ملکی کمپنیوں کی نظریں لگی ہوئی ہیں۔ نجکاری سے لاکھوں مزدور اور محنت کش بے روزگار ہوجائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی سی ایل میں نجکاری سے قبل 62ہزار ملازمین تھے اور سالانہ 14ارب روپے قومی خزانے کو منافع ملتا تھا مگر نجکاری کے بعد 44ہزار ملازمین کو فارغ کردیا گیا، قومی خزانے میں صرف چار ارب روپے جمع ہوئے جبکہ ادارے کی اربوں ڈالر مالیت کی زمین اور اثاثے کوڑیوں کے مول اتصالات کے حوالے کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے، پی آئی اے اور سٹیل مل سمیت کسی ادارے کی نج کاری نہیں ہونے دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن