• news

کئی مسائل پر قابو پالیا، بزنس رینکنگ بھارت سے بہتر ہو گئی: احسن اقبال

اسلام آباد (اے این این) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے پاکستان کی بزنس رینکنگ بھارت سے بہتر ہوگئی ہے، حکومت نے متعدد مسائل پر قابو پالیا، سیاسی مخالفین کو ملک کی ترقی ہضم نہیں ہورہی، انہیں 2018ءکے الیکشن میں وزیراعظم نہ بننے کا خوف طاری ہے، نندی پور منصوبے پرپیپلز پارٹی کا شور الٹا چور کوتوال کو ڈانٹے کے مترادف ہے، پی پی کے ایک وزیر نے اس منصوبے میں ملک کو سو ارب روپے سے زائد کا نقصان پہنچایا، فوج، عدلیہ اور سیاستدانوں نے ماضی کی غلطیوں سے سبق سیکھا، پاکستان کے بیرونی دشمن بھی اب نیا جنرل مشرف پیدا نہیں کرسکیں گے۔ پی آئی ڈی میں عرفان صدیقی اور سیکرٹری اطلاعات اعظم خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا بعض ذرائع ابلاغ بلاوجہ حکومت پر تنقید کررہے ہیں جبکہ عالمی میڈیا ہماری تعریف کررہا ہے، 2013ءمیںیہی عالمی میڈیا ہمیں خطرناک ملک قرار دے رہا تھا لیکن آج ہماری معیشت کو بحال قرار دے رہا ہے۔ پاکستان کی ترقی سے کھیلنے کی ہم کسی کو اجازت نہیں دینگے، موڈیز نے بھی ہماری رینکنگ اپ گریڈ کی ہے دسمبر میں زر مبادلہ کے ذخائر ریکارڈ 21 ارب ڈالر ہو جائیں گے، لوڈشیڈنگ میں نمایاں کمی آئی ہے ، 2018ءمیں 10 ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کرکے لوڈشیڈنگ کا جن بوتل میں بند کردیں گے۔ عمران خان کے خلاف ہمیں عناد ہوتا تو انہیں اسمبلیوں میں واپس نہ لاتے انہیں ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں وہ یوٹرن کے ماہر ہیں خود ہی اپنے آپ کو خراب کررہے ہیں ہمیں ان سے کوئی پریشانی نہیں ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران ایک صحافی نے احسن اقبال سے کہا ایک نجی ٹی وی کے مطابق آپ بھی نندی پور منصوبے میں کرپشن میں ملوث ہیں؟ تو اس پر احسن اقبال سیخ پا ہوگئے۔ انہوں نے صحافی کو مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ آپ مجھ پرکیچڑ اچھال رہے ہیں، میں کرپشن کو حرام سمجھتا ہوں۔ 1993ءسے میرے اثاثوں میں اضافے کے بجائے کمی آئی ہے۔ اپنی اولاد کو حرام کا نوالا کھلانا حرام سمجھتا ہوں۔ بغیر ثبوت الزام تراشی نہیں ہونی چاہئے۔ میں تحقیقات کےلئے حاضر ہوں۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن