کراچی میں طالبان کے زیر اثر نوگو ایریاز ختم کر دیئے گئے: اے ایف پی
کراچی (اے ایف پی) کراچی میں جاری آپریشن میں طالبان کے زیر اثر نوگو ایریاز کوبھی ختم کردیا گیا ہے۔ سکیورٹی ذرائع نے کہا ہے کہ کراچی میں کچھ عرصے سے طالبانائزیشن کی بات کی جا رہی تھی تاہم اب اس رجحان کو ختم کردیا گیا ہے۔ پولیس کے ایک افسر نے اے ایف پی کو بتایا کہ کراچی میں تحریک طالبان کے زیر اثر کچھ عناصر باقی ہو سکتے ہیں مگر اب وہ یہاں پر دوبارہ اپنا اثر قائم نہیں کر سکتے اور 70 سے 80 فیصد ایسے عناصر کوختم کیا جا چکا ہے۔ سکیورٹی تجزیہ کار ضیاءالرحمن نے کہا کراچی اور میران شاہ میں رابطے منقطع کرنے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو شہر کے پشتون علاقوں کو عسکریت پسندی سے پاک کرکے محفوظ بنانے میں مدد ملی۔ اب دہشت گرد افغانستان میں پناہ لینے کو ترجیح دے رہے ہیں۔ کراچی کے علاقے منگھوپیر کے رہائشیوں نے بتایا کہ کراچی آپریشن کے بعد اب حالات بہتر ہیں اور کاروبار ترقی کر رہا ہے۔ جماعت اسلامی کراچی کے سربراہ عبدالرزاق خان نے طالبان مخالف آپریشن کو خوش آمدید کہا اور کہا کہ اب یہ عناصر بھاگ گئے ہیں تاہم طالبان کا روپ دھار کر جرائم پیشہ عناصر کے سرگرم ہونے کا خطرہ موجود ہے۔
کراچی آپریشن