• news

افواج پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کیلئے تیار ہیں: صدر ممنون

کراچی (اے پی پی) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا کہ پاکستان امن پسند ملک ہے اور اپنے تمام ہمسایوں کے ساتھ برابری کی بنیاد پر تعلقات کا خواہش مند ہے تاہم افواجِ پاکستان ہر قسم کی جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ انہوں نے یہ بات پیر کو یوم دفاع پاکستان کی پچاس سالہ تقریبات کے موقع پر یہاں پاکستان نیوی کی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ یہ امر باعث مسرت ہے کہ پاک بحریہ کے افسر اور جوان جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر مکمل عبور رکھتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ وہ دفاعِ وطن کی بھاری ذمہ داریوں کی ادائیگی کے ساتھ ساتھ قدرتی آفات سے نمٹنے، بحری قزاقوں کی سرکوبی اور امن و امان کے قیام میں مدد دینے کے علاوہ سمندری تجارت کے تحفظ کے لیے بھی گراں قدر خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔ حکومت دفاعی ضروریات کے تناظر میں پاک بحریہ کی ترقی اور استحکام کے لیے یکسو ہے۔ چین کے تعاون سے اقتصادی راہداری کی تعمیر پر تیزی سے کام جاری ہے۔ اس ضمن میں گوادر بندرگاہ کی اہمیت اور پاک بحریہ کی ذمہ داریوں میں کئی گنا اضافہ ہوگیا ہے۔ انھوں نے شاندار کارکردگی پر پاک بحریہ کے سربراہ ، افسروں اور جوانوں کو مبارک باد بھی پیش کی۔

ای پیپر-دی نیشن