گوانتاناموبے سے پاکستانی قیدیوں کی واپسی کیلئے کمیٹی کیا کر رہی ہے: اسلام آباد ہائیکورٹ
اسلام آباد (آن لائن) اسلام آباد ہائی کورٹ نے گوانتاناموبے میں پاکستانی قیدیوں کو واپس لانے کیلئے بنائی گئی کمیٹی کی کارکردگی کے حوالے سے سٹینڈنگ قونصل سے آئندہ ہفتے رپورٹ طلب کر لی ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ اگلے ہفتے وزارت داخلہ سے معلوم کر کے بتائیں گے کمیٹی کیا کام کر رہی ہے۔ درخواست گزار نے کہا کہ پاکستانی باشندے غلام احمد ربانی گوانتاناموبے میں 2004 سے قید ہیں ان کی رہائی نہیں ہو سکی ہے۔ عدالت نے پوچھا کہ آپ کا مطلوبہ آدمی گیارہ سال سے لاپتہ ہے آپ کو اب خیال آیا جس پر وکیل نے بتایا کہ پانچ سال تک ہمیں معلوم نہیں ہو سکا کہ ہمارا آدمی کہاں ہے امریکن سینٹ کو رپورٹ سے معلوم ہوا کہ غلام احمد ربانی گوانتاناموبے میں قید ہیں ہم سے چار سال تاخیر ہوئی لاہور ہائی کورٹ کے فیصلے کے مطابق ہم نے مذکورہ شخص کی رہائی کیلئے حکومت اور وزارت داخلہ سے درخواست کی کہ اسے آزاد کروایا جائے لیکن ابھی تک کوئی کارکردگی سامنے نہیں آرہی ہے وکیل نے کہا کہ پاکستانی قیدیوں کو گوانتاناموبے بھیجنے میں حکومت پاکستان کا ہاتھ ہے۔