ممبئی: بھارتی ارب پتی نے امریکی قونصل خانہ ساڑھے 10کروڑ ڈالر میں خرید لیا
ممبئی (آن لائن) امریکی حکومت نے ممبئی میں ایک سابق مہاراجہ کا مینشن ’لنکن ہاؤس‘ 10 کروڑ ڈالرز میں ایک ہندوستانی ارب پتی کو فروخت کردیا۔1957ء سے 2011ء تک امریکی قونصل خانہ رہنے والے لنکن ہاؤس کو ایک مقامی مہاراجہ سے خریدا گیا تھا ، جس نے ٹیکس ادا کرنے کیلئے اسے فروخت کیا۔ بھارت کے امیر ترین افراد میں شامل اور ویکسین تیار کرنے والے ’سیرم انسٹیٹیوٹ‘ کے بانی سائرس پونے والا نے ممبئی میں ساحل سمندر کے کنارے موجود اس مینشن کو خریدا۔ ’یہ ممبئی کے جنوب میں بہترین لوکیشن پر تاریخی ثقافتی پراپرٹی ہے جس کی از سرنو ڈیزائننگ کی اجازت نہیں۔ سیرم کے سی ای او آدر پونے والا نے بتایا تمام ٹیکس ملانے کے بعد اس جائیداد کی کل قیمت 8 ارب انڈین روپے ہے۔ تقریباً دو مہینے بعد ملکیت ملنے کے بعد اسے پونے والا خاندان کی رہائشگاہ کے طور پر استعمال کیا جائے گا۔ امریکہ نے 2011ء میں ممبئی کے ایک اور علاقے میں اپنا قونصل خانہ منتقل کر دیا تھا۔