پاکستان چین کا فوجی تعلق نئی بلندیوں کو چھو لے گا، ہر قسم کی دہشت گردی کے خاتمے تک مل کر کام کرتے رہیں گے: آرمی چیف
اٹک+ راولپنڈی (سٹاف رپورٹر+ نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردی سے پاک پاکستان تک آپریشن ضرب عضب جاری رہیگا اور اسے منطقی انجام تک پہنچایا جائیگا۔ آپریشن ضرب عضب میں ایس ایس جی کمانڈوز کا کردار انتہائی اہم ہے، پاکستان چین کی دوستی ہمالیہ سے بلند، شہد سے میٹھی اور سمندر سے گہری ہے۔ پاکستان اور چین ملکر دہشت گردی کا خاتمہ کریں گے۔ پاکستان چین دوستی کو ترقی کی نئی بلندیوں تک لے جائیں گے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق اٹک میں پاکستان اور چین کی مشترکہ فوجی مشقیں اختتام پذیر ہوگئیں۔ آرمی چیف نے معائنہ کیا اور اختتامی تقریب میں شرکت کی۔ انہوں نے ملک کو دہشت گردی سے پاک کرنے تک آپریشنز پوری رفتار سے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کی افواج کے درمیان تعلق وقت کے ساتھ پروان چڑھا ہے اور یہ بے مثال اور نئی بلندیوں کو چھو لے گا، دونوں ممالک دہشت گردی کے مکمل خاتمے کیلئے کام کرتے رہیں گے۔ جنرل راحیل نے بہادر رینجز (اٹک) کا دورہ کیا۔ پاکستان آرمی کی سپیشل فورسز اور چین کی پیپلز لبریشن آرمی نے 7 ہفتے تک جاری رہنے والی مشقوں میں حصہ لیا جن کے دوران انسداد دہشت گردی کے آپریشنز پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی، چینی فوج کے جنرل لی فائی کی قیادت میں اعلی سطح کے چینی وفد نے اختتامی تقریب میں پیپلز لبریشن آرمی کی نمائندگی کی۔ جنرل راحیل نے خطاب کرتے ہوئے شرکاء کو بلند سطح کے پروفیشنل مہارت کا مظاہرہ کرنے پر مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین دونوں دہشت گردی کی تمام شکلوں اور صورتوں کے مکمل خاتمے تک کام کرتے رہیں گے۔ آرمی چیف نے سپیشل سروسز گروپ کے فوجیوں کی آپریشن ضرب عضب میں غیر معمولی کارکردگی کی خاص طور پر تعریف کی۔