16ستمبر 1965ء کو نوائے وقت میں شائع ہونے والی خبر کا متن
راولپنڈی 15 ستمبر (ا پ پ) صدر ایوب خان نے اعلان کیا ہے کہ پاکستانی عوام اپنے مقدس وطن کی ایک ایک انچ زمین کی حفاظت کے لئے خون کا آخری قطرہ بہانے سے دریغ نہیں کریں گے۔ ہم بھارتی حملہ آوروں کیخلاف زندگی اور موت کی جنگ لڑ رہے ہیں اور ہم بڑی سے بڑی قربانی دیکر بھی پاکستان کا دفاع کریں گے۔ آپ نے کہا ہے کہ بھارت نے ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت پاکستان پر حملہ کیا ہے اور وہ لاہور اور سیالکوٹ پر قبضہ کر کے پاکستان سے اپنی شرائط منوانا چاہتا تھا صدر ایوب خان آج یہاں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے جس میں پچاس غیر ملکی اور قریباً اتنے ہی ملکی اخباری نمائندے شریک تھے۔ صدر ایوب نے کہا پاکستان بھارت کیساتھ بامقصد جنگ بندی اور مسئلہ کشمیر پر باعزت سمجھوتہ کرنے کو تیار ہے۔ صدر ایوب نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان بھارتی جارحیت کے خلاف اپنی موجودہ جدوجہد کر ہر قیمت پر جاری رکھنے کا عزم صمیم کئے ہوئے ہے آپ نے پاکستان پر بھارت کے زبردست حملے کے پورے پس منظر پر روشنی ڈالی اور کہا ہم موت و زندگی کی جنگ لڑ رہے ہیں۔