منصوبوں میں کرپشن برداشت نہیں ، نوازشریف: فضل الرحمن کی ملاقات، حکومت ، متحدہ میں ثالثی سے معذرت
اسلام آباد (نمائندہ خصوصی+ صباح نیوز+ اے این این) وزیراعظم نوازشریف سے گزشتہ روز فضل الرحمن نے ملاقات کی اور حکومت اور متحدہ کے درمیان ثالثی کا کردار مزید ادا نہ کرنے کے حوالے سے آگاہ کیا۔ دریں اثناء وزیراعظم نے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ایل این جی پلانٹس کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمن نے حکومت اور ایم کیو ایم کے درمیان ثالثی کا مزید کردار ادا کرنے سے معذرت کر لی اور کہا ہے کہ جو ذمہ داری وزیراعظم اور پارلیمنٹ نے سونپی وہ پوری کردی۔ ان کا کہنا تھا کہ دونوں فریقین میں مذاکرات پر سنجیدگی نظرنہیں آتی۔ مولانا نے وزیراعظم کو معاملہ خود حل کرنے کی تجویز بھی دی۔ جے یو آئی (ف) کے ذرائع کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمن غیر ضروری آنا جانا دکھا کر جگ ہنسائی کا باعث نہیں بننا چاہتے۔ تمام امور طے ہونے کے قریب تھے۔ سمجھ نہیں آرہا کہ رکاوٹ کہاں ہے۔ علاوہ ازیں وزیراعظم سے پختونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ رکن قومی اسمبلی محمود خان اچکزئی نے بھی وزیراعظم ہائوس میں ملاقات کی اور باہمی دلچسپی اور قومی اہمیت سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا۔ وزیراعظم ہائوس میں ایل این جی پاور پلانٹس اور ساہیوال کول پاور پلانٹ کے بارے میں ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے تمام متعلقہ وزارتوں اور محکوں سے کہا کہ وہ ان منصوبوں پر مستعدی سے کام کریں اور تمام ضروری انتظامات مکمل کریں۔ ان منصوبوں کیلئے قانونی ضابطہ کار مکمل کیا جائے اور ہرلحاظ سے شفافیت برقرار رکھی جائے۔ منصوبوں میں کسی قسم کی کرپشن برداشت نہیں کی جائے گی۔ اجلاس میں وزیرخزانہ اسحاق ڈار‘ وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی‘ وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف‘ وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق‘ وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔