• news

جنوبی وزیرستان میں کئی منصوبوں کا افتتاح: دہشت گردوں کو چند مقامات تک محدود کر دیا، فوج فاٹا سے صفایا کئے بغیر واپس نہیں آئے گی: آرمی چیف

وانا/ راولپنڈی (نیوز ایجنسیاں+ نوائے وقت رپورٹ) چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کو چند مقامات تک محدود کردیا، آپریشن ضرب عضب آخری مراحل میں چیدہ چیدہ علاقوں میں ہو رہا ہے اور فوج فاٹا سے دہشت گردوں کا صفایا کئے بغیر واپس نہیں جائے گی، عارضی بے گھر افراد کی واپسی طے شدہ منصوبے کے تحت بہت بہتر علاقے میں ہوگی، لوگوں کی بحالی کے منصوبے ہر صورت مکمل کئے جائیں گے۔ فاٹا کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والی ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک روڈ اقتصادی راہداری کے حصے کے طورپر افغانستان سے جڑی ہوگی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جنوبی وزیرستان کا دورہ کیا ہے جہاں انہوں نے متعدد ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا یہ منصوبے آپریشن کے بعد فاٹا کے بحالی پروگرام کا حصہ ہیں۔ منصوبوں میں وانا کیلئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن ، 54 کلو میٹر ٹرانسمیشن لائن، فاٹا کو ملک کے مختلف حصوں سے ملانے والی ڈیرہ اسماعیل خان ٹانک 62 کلو میٹر طویل شاہراہ اور وانا میں 500 بچوں کیلئے کیڈٹ کالج کا منصوبہ شامل ہیں۔ کیڈٹ کالج کے اساتذہ ، طلباء اور قبائلی عمائدین سے خطاب کرتے آرمی چیف نے فاٹا میں دہشت گردوں کے خلاف برسرپیکار جوانوں کی تعریف کی۔ انہوں نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں قبائلی بھائیوں کے تعاون کو بھی سراہتے ہوئے کہاکہ آپریشن ضرب عضب میں قبائلیوں کی قربانیوں اور حمایت پر ان کے شکرگزار ہیں۔ قوم کے تعاون سے دہشت گردوں کو شکست فاش دیں گے۔ انہوں نے کہاکہ قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کو ان علاقوں سے نکال دیا گیا ہے اور اب انہیں کسی صورت واپس نہیں آنے دیں گے۔ ترقیاتی منصوبوں سے فاٹا کے علاقوں میں خوشحالی آئے گی جو ہمارا بڑا مقصد ہے ان منصوبوں سے نہ صرف روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور فاٹا کے عوام کا معیار زندگی بلند ہوگا۔ فاٹا کے نوجوانوں کو پیشہ وارانہ کالجوں میں بھیجنے کے حوالے سے ہر ممکن مدد کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ قیام امن اور خوشحالی کے مقاصد کے حصول تک قبائلی عوام تعاون جاری رکھیں گے۔ آرمی چیف نے کہا امن و خوشحالی کے حصول کیلئے قبائلی عوام مزید تعاون کریں۔ انہوں نے کہا قبائلی عوام نے آپریشن کی کامیابی کیلئے پہلے بھی بڑی قربانیاں دی ہیں، علاقے کی معاشی ترقی ہمارا بنیادی مقصد ہے۔ قبائلی عمائدین نے آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔

ای پیپر-دی نیشن