• news

پاکستان تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کا حامی‘ نیوکلیئر گروپ کی رکنیت کا اہل ہے : دفتر خارجہ

اسلام آباد (صباح نیوز‘ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان امریکہ کے درمیان دوطرفہ سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول کے حوالے سے دوسرا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ اس اجلاس میں امریکہ کی نمائندگی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکرٹری برائے عالمی سلامتی و ایٹمی عدم پھیلائو ویان وین ڈیپن اور وزارت خارجہ میں پاکستان کی ایڈیشنل سیکرٹری تسنیم اسلم نے مشترکہ طورپر کی۔ اجلاس میں دونوں ملکوں کے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول ماہرین نے اپنے تجربات کا تبادلہ کیا۔ امریکی وفد نے پاکستان کے سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول لسٹ کو عالمی معیار سے ہم آہنگ رکھنے کو سراہا۔ امریکی وفد کو پاکستان سٹرٹیجک ایکسپورٹ کنٹرول سسٹم کے حوالے سے صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ ترجمان دفترخارجہ کے مطابق پاکستان تباہی پھیلانے والے ہتھیاروں کے عدم پھیلائو کا حامی ہے۔ پاکستان نیوکلیئر گروپ کی رکنیت کا اہل ہے۔ یہ اجلاس سکیورٹی سٹرٹیجک استحکام اور ایٹمی عدم پھیلائو (ایس ایس ایس این پی) ورکنگ گروپ سے متعلق ہے جو پاکستان امریکہ سٹرٹیجک ڈائیلاگ کا حصہ ہے۔ دونوں طرف سے یہ عمل آئندہ ملاقاتوں میں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔اس موقع پر امریکی وفد نے عالمی معیار کے مطابق برآمدی کنٹرول کے بارے میں پاکستان کے اقدامات میں پیشرفت پر اطمینان کااظہار کیا، پاکستانی حکام نے کہا ہے کہ انسانی تباہی کے ہتھیاروں اوران کے ڈلیوری سسٹم کے عدم پھیلائو کا تہیہ کررکھا ہے، عالمی تقاضوں کے مطابق پاکستان برآمدی کنٹرول کے تمام اداروں بشمول این ایس جی میں رکنیت کا اہل ہے۔

ای پیپر-دی نیشن