پن بجلی کی ریکارڈ پیداوار‘ شارٹ فال میں کمی‘ لوڈشیڈنگ ایک گھنٹہ کم ہوگئی
لاہور (کامرس رپورٹر + نوائے وقت رپورٹ) ملک میں پن بجلی کی پیداوار کا نیا ریکارڈ قائم ہو گیا۔ پن بجلی کی پیداوار 6 ہزار 884 میگاواٹ تک پہنچ گئی۔ واپڈا کے مطابق 14 ستمبر 2013ء کو 6 ہزار 813 میگاواٹ پن بجلی پیدا ہوئی تھی۔ ایک سال پہلے گزشتہ روز 4 ہزار 892 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی تھی۔ گزشتہ روز تربیلا 3598‘ غازی بروتھا 1450‘ منگلا سے 1115 میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی۔ وارسک‘ چشمہ اور جناح سے بھی پہلے سے زائد بجلی پیدا ہوئی۔ علاوہ ازیں ملک میں بجلی کی پیداوار میں اضافہ اور ڈیمانڈ میں کمی کے باعث شارٹ فال کم ہو گیا جس کے باعث لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں ایک گھنٹہ تک کی کمی کر دی گئی۔ ملک میں ہائیڈل کی پیداوا تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچنے سے پیداوار میں اضافہ ہوا۔ شارٹ فال میں ہونے والی تقریباً پانچ سو میگاواٹ کی کمی سے لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں کمی کی گئی۔ مرمت کے نام پر بجلی کی بندش کے دورانیہ میں کمی نہیں کی گئی۔ گزشتہ روز بجلی کی طلب و رسد میں تقریباً ساڑھے چار ہزار میگاواٹ کا فرق ریکارڈ کیا گیا جسے پورا کرنے کیلئے اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری رہا۔
پن بجلی پیداوار