پاکستان، امریکہ تعلقات طویل المدت سٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے: صدر
اسلام آباد (اے پی پی+ صباح نیوز) صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو طویل مدتی سٹریٹجک شراکت داری میں بدلنے کی ضرورت ہے، پاکستان کے عوام وزیر اعظم کے دورہ امریکہ کے موقع پر صدر باراک اوباما کے ساتھ نوازشریف کی تعمیری ملاقات کے منتظر ہیں۔ دونوں ملکوں کے درمیان انسداد دہشتگردی کے علاوہ بھی مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھے گا، دہشتگردی کے خلاف جنگ پاکستان کی اولین ترجیح ہے، دہشت گردی کی تمام شکلوں کے خلاف کارروائی کے بارے میں ملک بھر میں قومی اتفاق رائے پایا جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سبکدوش ہونے والے امریکی سفیر رچرڈ اولسن سے گفتگو کرتے ہوئے کیا جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں الوداعی ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب میں تمام دہشت گردوں اور ان کی پناہ گاہوں کو بغیر کسی تفریق کے نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ صدر مملکت نے امریکہ کی جانب سے معیشت خصوصاً توانائی کے شعبے میں جاری تعاون کو سراہا اور متبادل اور قابل تجدید توانائی کے منصوبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے امریکی سفیر رچرڈ اولسن نے پاک فوج کے آپریشن ضرب عضب اور اس سے حاصل ہونے والی کامیابیوں کو سراہا۔ انھوں نے کہا کہ امریکہ کی مدد سے نیشنل گرڈ میں 1500 میگاواٹ بجلی شامل کر دی گئی ہے۔ امریکی سفیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ان کی حکومت پاکستان میں توانائی کے بحران پر قابو پانے اور دیامر بھاشا ڈیم کی تعمیر میں مدد فراہم کرتی رہے گی۔ دریں اثناء امریکی سفیر نے وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی سے بھی الوداعی ملاقات کی۔ اس موقع پر طارق فاطمی نے کہاکہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات میں بہتری آئی ہے اور یہ درست سمن گامزن ہیں۔ دریں اثناء صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک کو بہت جلد مشترکہ تعلیمی نصاب مل جائے گا جس سے ملک میں معیار تعلیم میں بھی اضافہ ہو گا اور قومی یک جہتی کو بھی فروغ ملے گا۔ صدر مملکت نے یہ بات پاکستان نیشنل فورم کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئی کہی۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس وقت حکومت اور مسلح افواج کے درمیان مثالی ہم آہنگی موجود ہے، بہتر اقتصادی حکمت عملی کے نتیجے میں ملک کی معاشی حالت بہتر ہو رہی ہے۔ صدر مملکت نے نجی سکولوں میں بڑھتی ہوئی فیسوں کے معاملے پر توقع ظاہر کی کہ اس سلسلے میں ریگولیٹری اتھارٹی عوامی توقعات پر پورا اتر سکے گی۔ انہوں نے کہا کہ نجی سکولوں کے مالکان بھی اس ملک کے ذمہ دار شہری ہیں، انہیں بھی اس سلسلے میں ہمدردانہ طرز عمل اختیار کرنا چاہئے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنی اپنی سطح پر بدعنوانی کے خلاف آواز اٹھائیں۔ علاوہ ازیں صدر ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان کینیڈا کے ساتھ وسیع البنیاد، طویل مدتی اور پائیدار تعلقات کا خواہاں ہے۔ یہ بات صدر مملکت ممنون حسین نے کینیڈا کے لئے پاکستان کے نامزد ہائی کمشنر طارق عظیم خان سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنھوں نے ان سے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی۔
صدر ممنون