ایل این جی منصوبے پر کام روکنے کیلئے دھمکیاں مل رہی ہیں : شاہد خاقان ‘ نام نہیں بتا سکتے تو وزارت چھوڑ دیں : اسد عمر
اسلام آباد (آئی این پی+ اے پی پی) وفاقی وزیر پٹرولیم و قدرتی وسائل شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ انہیں ایل این جی منصوبے پر کام روکنے کیلئے دھمکیاں مل رہی ہیں، منصوبے کو ختم کرنے کیلئے آئل مافیا نے بھاری رشوت کی پیش کش کی ہے۔ گزشتہ روز پریس کانفرنس سے خطاب کے دوران وفاقی وزیر نے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کو قطر کے خلاف بیان دینے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا تیل مافیا مجھے لالچ اور دھمکیاں دے رہا ہے کہ میں ایل این جی ٹرمینل پر کام مت کروں۔ ان کو کچھ سمریز پر دستخط کرنے کیلئے بھاری فوائد کی پیشکش کی گئی ہے۔ ایسے افراد کو بے نقاب کرنے کے سوال کے جواب میں وفاقی وزیر نے کہا کہ وقت کو ضائع کرنے کے بجائے وہ تعمیری کام کرنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے سوئی ناردرن کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے چیئرمین سے ملاقات کی اور ان کو کہا کہ وہ بورڈ اور کمپنی کے انتظامی معاملات کا خیال رکھے جیسا کہ کمپنی ایل این جی والے معاملے کو انجام تک نہیں پہنچا رہی۔ ایس این جی پی ایل کے تقسیم کار سسٹم میں 20 فیصد نقصان ہورہا ہے تاہم کمپنی اسے 11 فیصد اوسط نقصان ظاہر کررہی ہے۔ وفاقی وزیر پیٹرولیم نے بتایا کہ حکومت قطر کی گیس کمپنی سے 15 سالہ طویل معاہدہ کرنا چاہتی ہے تاہم اس میں دو بڑی رکاوٹیں حائل ہیں۔ پہلی رکاوٹ یہ ہے کہ وزارت پیٹرولیم، خزانہ اور بجلی کو ایل این جی درآمد کرنے کے لیے رقم کی ادائیگی کے طریقہ کار کو حتمی شکل دینی ہے اور ’ایسا ہم آج کے دن تک نہیں کرپائے ہیں جبکہ حکومت کو قطر کی گیس کمپنی کو واجب الادا رقم کی کریڈٹ لیٹرز جاری کرنے ہیں اور ایسے ہی لیٹرز آزاد بجلی پیدا کرنے والی کمپنیوں (آئی پی پیز) کو بھی جاری کئے جانے ہیں۔ یہ کام بھی مکمل نہیں کی جاسکا ہے۔ علاوہ ازیں تحریک انصاف کے رہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ وزیر پٹرولیم ہراساں کرنے والوں کے نام نہیں بتا سکتے تو وزارت چھوڑ دیں، رشوت کی آفر کرنے والوں کو قوم کے سامنے بے نقاب کیا جائے۔ بدھ کو پی ٹی آئی رہنما اسد عمر نے وزیر پٹرولیم شاہد خاقان عباسی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ وزیر پٹرولیم کو رشوت کی آفر کرنے والوں کو سامنے لایا جائے اور وزیر پٹرولیم کی طرف سے لگائے گئے الزامات کی تحقیقات کی جائیں۔ حکومتی وزیر کے دعووں میں حقیقت ہے تو ایسے عناصر کو بے نقاب کیا جائے۔ علاوہ ازیں ایک انٹرویو شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کا قطر کی حکومت کے ساتھ ایشیا کی تاریخ کا سستا ترین ایل این جی معاہدے طے پا گیا ہے۔ معاہدے کے تحت گیس کی قیمت7.7 ڈالر فی کیوبک فٹ مقرر کی گئی ہے اور یہ معاہدہ قلیل مدتی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت سستی ایل این جی کی خریداری کو یقینی بنا رہی ہے تاکہ عوام کو سستی گیس مہیا کی جاسکے۔
شاہد خاقان