ہر سیاسی جماعت الیکشن میں 5کروڑ روپے تک خرچ کر سکے گی، ذیلی کمیٹی پارلیمانی اصلاحات
اسلام آباد (آئی این پی) پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی اصلاحات کی ذیلی کمیٹی نے سفارش کی ہے کہ ارکان اسمبلی کو 31اگست سے قبل اثاثوں کے گوشوارے جمع کرانے کی بجائے فروری میں ٹیکس ریٹرنز کی تفصیلات الیکشن کمشن میں جمع کرانے کا پابند بنایا جائے، اس حوالے سے انتخابی اور ٹیکس قوانین میں ترامیم تجویز کر دی گئی ہیں۔ بدھ کو کمیٹی کا اجلاس کنوینئر زاہد حامد کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہائوس میں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ کمیٹی نے انتخابات میں پارٹی اخراجات کی حد مقرر کرنے کی بھی منظوری دی ہے، جس کے تحت آئندہ انتخابات میں ہر پارٹی زیادہ سے زیادہ 5کروڑ روپے کے انتخابی اخراجات کر سکے گی جبکہ رکن قومی اسمبلی اپنے حلقے میں انتخابی اخراجات پر 30لاکھ، ایم پی اے 20لاکھ اور سینیٹر 15لاکھ روپے تک خرچ کر سکے گا۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر عارف علوی نے کمیٹی کو سمندر پار ووٹرز کیلئے وائس بائیو میٹرک بیلٹنگ کے حوالے سے بریفنگ دی۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ وہ وائس بائیو میٹرک بیلٹنگ کے حوالے سے ای سی پی، دفتر خارجہ اور ایک نجی کمپنی کے تعاون سے تجربہ کرنے کے بعد کوئی حتمی فیصلہ کرے گی۔