ڈیرہ بگٹی: بکرا منڈی سے بم برآمد: گوادر، خضدار میں 12 مشتبہ افرادگرفتار
سبی + کوئٹہ (نیوز ایجنسیاں) سبی ڈویژن میں شامل ضلع ڈیرہ بگٹی میں دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا دی گئی اور بکرا منڈی سے 6کلو وزنی بم برآمد کرلیا گیا جبکہ گوادر اور خضدار میں 2 غیرملکیوں سمیت 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق ضلع ڈیرہ بگٹی کی بکرا منڈی میں تخریب کاری کیلئے رکھا ہوا بم سکیورٹی فورسز نے برآمد کرکے دہشت گردی کی کوشش ناکام بنا ڈالی۔ بم ڈسپوزل سکواڈ نے چھ کلو وزنی بم کو ناکارہ بنایا۔ واقعہ کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، سکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے ، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔ علاوہ ازیں گوادر اور خضدار میں فرنٹیئر کور حساس اداروں اور لیویز فورسز کے عملے نے مختلف کارروائیوں میں دو غیر ملکیوں سمیت 12 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کر لیا۔ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز گوادر کے علاقے میں فرنٹیئر کور اورحساس اداروں کے اہلکاروں نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے دو پسٹل اور ایک رائفل برآمد کر لی اسی طرح خضدار میں فرنٹیئر کور اور لیویز کے عملے نے مشترکہ سرچ آپریشن کے دوران دو غیر ملکیوں سمیت 6 مشتبہ افراد کو گرفتار کرکے ان سے تفتیش شروع کر دی۔ علاوہ ازیں حب کے قریب فرنٹیئر کور بلوچستان کی کارروائی کے دوران 3 ٹینکروں سے ایک لاکھ 50 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمدکر لیا گیا۔ ایف سی کے مطابق بدھ کو حب کے علاقے میں اہلکاروں نے خفیہ کارروائی کرکے تین ٹینکروں سے ایک لاکھ 50 ہزار لیٹر ایرانی ڈیزل برآمد کر کے مزید تحقیقات شروع کردی ہیں۔علاوہ ازیں نوشکی کے علاقے میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے ایک شخص تاج الدین ہلاک ہو گیا۔ ادھر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں کام کرتے ہوئے نیچے گرنے سے ایک مزدور دم توڑ گیا۔ ادھر دیر بالا میں پیپلزپارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر نجم الدین کے بیٹے راحت اللہ کی گاڑی پر نامعلوم افراد کی فائرنگ، تاہم وہ بال بال بچ گیا۔ گزشتہ روز دیر سے چکیاتن میں جنازے شرکت کیلئے جاتے سابق وفاقی وزیر سیفران اور پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما نجم الدین کے بیٹے کی بلٹ پروف گاڑی پر ڈگری کالج دیر کے قریب نامعلوم افراد نے فائرنگ کی۔