سٹاک مارکیٹ سے مندے کے بادل چھٹ گئے‘ سرمایہ کاری میں 38 ارب سے زائد اضافہ
کراچی+ لاہور (کامرس رپورٹر)کراچی اسٹاک ایکس چینج میں کئی روز سے جاری مندی کے بادل چھٹ گئے ۔کاروباری ہفتے کے تیسرے روز بدھ کو مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس 33200اور 33300کی نفسیاتی حدیں بحال ہوگئیں ۔سرمایہ کاری مالیت میں38ارب87کروڑ روپے سے زائد کا اضافہ ، کاروباری حجم گزشتہ روز کی نسبت21.26 فیصد کم جبکہ61.45 فیصد حصص کی قیمتوں میںاضافہ ریکارڈ کیا گیا۔حکومتی مالیاتی اداروں ،مقامی بروکریج ہاؤسز اور دیگر انسٹی ٹیوشنز کی جانب سے پٹرولیم ،سیمنٹ اور توانائی سیکٹر میں خریداری کے باعث کاروبار کا آغاز مثبت زون میں ہوا ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای 100انڈیکس 33398پوائنٹس کی بلند سطح پر بھی ریکارڈ کیا گیا ۔ماہرین اسٹاک کے مطابق اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے شرح سود میں کمی کے مارکیٹ پر مثبت مرتب ہونا شروع ہوگئے ہیں جس کی وجہ سے مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی ۔مارکیٹ کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس154.10پوائنٹس اضافے سے33345.56 پوائنٹس پر بند ہوا۔ مجموعی طور پر358 کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا ۔ سرمایہ کاری مالیت میں38 ارب87کروڑ60لاکھ 79ہزار 602 روپے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جبکہ سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت بڑھ کر71 کھرب80 ارب36کروڑ70 لاکھ39 ہزار152 روپے ہوگئی۔ مجموعی طور پر10 کروڑ40 لاکھ43ہزار450 شیئرز کا کاروبار ہوا جو منگل کے مقابلے میں2کروڑ81 لاکھ7 ہزار550 شیئرزکم ہیں۔ لاہور سٹاک ایکسچینج میں بدھ کے روزتیز ی کا رجحان رہا - مجموعی طور پر 71کمپنیوں کے حصص میں کاروبارہوا۔ ایل ایس ای 25 انڈیکس13.97پوائنٹس کے اضافہ کے ساتھ5674.32 پر بندہو ا۔ مارکیٹ میں کل4 لاکھ79 ہزار 700 حصص کا کاروبارہو ا۔ جبکہ گزشتہ روز21لاکھ26 ہزار600حصص کا لین دین ہوا۔